May ۲۷, ۲۰۲۳ ۰۹:۳۸ Asia/Tehran
  • مکہ اور مدینہ کے مقدس مقامات کی تصویر اور فلم بنانے پر پابندی

سعودی حکام نےمکۂ مکرمہ اور مدینۂ منورہ کے مقدس مقامات کے اندر تصویر اور فلم بنانے پر پابندی عائد کر دی ہے۔

سحر نیوز/عالم اسلام: سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے اس بیان میں حجاج کرام سے کہا ہے کہ وہ سفر کے دفتری امور کی تکمیل کے عمل کو آسان بنانے کے لیے مناسک حج سے متعلق دستاویزات اپنے ساتھ رکھیں اور مناسک حج کی ادائیگی کے دوران اپنے ساتھ کم سامان رکھیں۔

سعودی وزارت حج کا اس بیان میں کہنا ہے کہ حجاج کرام کو وزارت اطلاعات کی اجازت کے بغیر پمفلٹ اور بک لیٹس وغیرہ تیار اور تقسیم کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ وہ سیاسی مقاصد کے تحت اجتماع منعقد کرنے سے بھی گریز کریں۔

سعودی وزارت حج و عمرہ کے بیان کے مطابق اجتماعی دعا کے مقصد سے اجتماع کا انعقاد اور آواز بلند یا حرمین شریفین میں مذہبی پروگرام منعقد کرنا ممنوع ہے۔

حجاج کرام کو توجہ رکھنی چاہیے کہ مقدس مقامات کے اندر تصویر کھینچنا اور ویڈیو بنانا منع ہے۔

اس سے قبل دوہزار بیس میں بھی سعودی حکام نے مسجد الحرام، مسجد النبی (ص) اور اسکے آس پاس کے مقامات پر سیلفی لینے پر پابندی عائد کر دی تھی ۔ یہی اتفاق دوہزار سترہ میں بھی پیش آیا جب مسجد النبی (ص) کے اندر ایک صیہونی بلاگر نے اپنی سیلفی لے کر سوشل میڈیا پر ہنگامہ کھڑا کر دیا تھا۔ اس واقعے کے بعد صیہونی حکام کو بڑے پیمانے پر مسلمانوں کی تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا جس کے بعد انہوں نے مسجد الحرام اور مسجد النبی (ص) کے اندر سیلفی لینے پر پابندی عائد کر دی تھی۔

توقع کی جا رہی ہے کہ رواں سال کے دوران حج کی ادائیگی کے لیے بیس لاکھ سے زائد افراد سعودی عرب جائیں گے اور سعودی عرب کی ایئرلائنز نے بارہ لاکھ حاجیوں کو سعودی عرب لے جانے کا پروگرام بنایا ہے اور جدہ ، ریاض، دمام، مدینہ منورہ، طائف اور ینبع کے ہوائی اڈوں کو ان پروازوں کے لیے مختص کیا گیا ہے۔

ٹیگس