May ۳۰, ۲۰۲۳ ۱۰:۳۱ Asia/Tehran
  • سوڈان : جنگ بندی میں توسیع پر اتفاق

سوڈان کی فوج اور سریع الحرکت فورس نے جنگ بندی میں توسیع پر اتفاق کر لیا ہے ۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: ارنا کی رپورٹ کے مطابق سوڈان کی فوج اور اس کی حریف سریع الحرکت فورس (آر ایس ایف) کے درمیان جنگ بندی میں پانچ دن کی توسیع کا اعلان ایک مشترکہ بیان میں کیا گیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اس توسیع سے مزید انسانی امداد، ضروری خدمات کی بحالی اور ممکنہ طویل مدتی توسیع پر بات چیت کے لیے وقت ملے گا۔

یہ پیشرفت اس وقت ہوئی جب دونوں فریقوں پر متزلزل جنگ بندی میں توسیع کے لیے دباؤ تھا جو پیر کو ختم ہونے والی تھی۔

اس سے قبل سعودی عرب کے شہر جدہ میں تمام متحارب فریقوں کے درمیان سات روزہ جنگ بندی معاہدے پر دستخط کے باوجود سوڈان میں اکا دکا جھڑپیں ہوتی رہیں۔ دارالحکومت خرطوم کے جنوب میں کئی مقامات پر فوج اور سریع الحرکت فورس کے دستوں کے درمیان جھڑپیں ہوئی ہیں۔

اپریل کے وسط میں جنرل عبدالفتاح البرہان کی قیادت میں فوج اور آر ایس ایف کے رہنما جنرل محمد حمدان دگالو کے درمیان لڑائی شروع ہونے کے بعد سوڈان افراتفری کا شکار ہے۔

سوڈان میں مسلح جھڑپیں پندرہ اپریل دو ہزار تیئیس سے فوج اور سریع الحرکت فورس کے درمیان اقتدار پر قبضے کے لیے شروع ہوئیں کہ جن میں اب تک کم ایک ہزار 800 سے زائد افراد مارے جا چکے ہیں اور ہزاروں زخمی ہوئے ہیں ۔ ان جھڑپوں کی وجہ سے اب تک دس لاکھ سے زائد سوڈانی باشندے بےگھر ہو چکے ہیں۔ جبکہ بین الاقوامی اداروں کی رپورٹ کے مطابق تقریبا ڈھائی کروڑ سوڈانی باشندوں یعنی اس ملک کی نصف آبادی کو انسان دوستانہ امداد کی ضرورت ہے۔

ٹیگس