Jun ۰۸, ۲۰۲۳ ۱۰:۰۲ Asia/Tehran
  • بلاول بھٹو زرداری کی کربلا و نجف میں روضوں پر حاضری

پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے حضرت امام علی علیہ السلام، حضرت امام حسین علیہ السلام اور حضرت ابوالفضل العباس علمدار کربلا علیہ السلام کے روضوں پر حاضری دی۔

پاکستان کے وزیر خارجہ اور پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے دورۂ عراق کے دوران حضرت امام علی علیہ السلام، حضرت امام حسین علیہ السلام اور حضرت ابوالفضل العباس علمدار کربلا علیہ السلام کے روضوں پر خصوصی حاضری کے دوران مناجات پڑھیں، نماز پڑھی اور امت مسلمہ کے اتحاد، پاکستان کی سلامتی اورعوام کی خوشحالی کیلئے دعائیں مانگیں۔

اس کے علاوہ انہوں نے مقامِ شہداء پر بھی حاضری دی اور گنج شہیداں پر نماز بھی ادا کی ۔ اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے حضرت امام حسین علیہ السلام کے صحابی حبیب ابن مظاہر (ع) کی تربت پر بھی حاضری دی۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بین الحرمین سے ہوتے ہوئے روضہ غازی عباس علمدار علیہ السلام پر حاضری دی، ان کے روضے مبارک پر مناجات پڑھیں اور نماز ادا کی اور دعائیں مانگی۔

علاوہ ازیں بلاول بھٹو زرداری نے گورنر کربلا نصیف جاسم الخطابی سے ملاقات کی، اس دوران باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس کے علاوہ پاکستانی زائرین کیلئے عراق میں سہولیات پر بھی بات چیت کی گئی، وزیر خارجہ نے اربعین اور عاشور کے دنوں میں پاکستانی ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف عراق بھیجنے کی پیشکش کی۔

ٹیگس