Jun ۱۳, ۲۰۲۳ ۱۴:۲۴ Asia/Tehran
  •  شام اور سعودی عرب کے درمیان تجارتی و اقتصادی امور میں سمجھوتہ

تجارتی و اقتصادی سرگرمیوں کی بحالی کے بارے میں شام اور سعودی عرب کے درمیان سمجھوتہ طے پایا ہے۔ یہ سمجھوتہ ریاض میں ایک بڑی کانفرنس کے موقع پر ہوا جو چینی اور سعودی اور دیگر عرب ملکوں کی کمپنیوں اورتاجروں کی شرکت سے ہوئی۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: سعودی ولیعہد بن سلمان کی زیر صدارت ایک کانفرنس منعقد ہوئی جس میں سعودی حکام کے علاوہ مختلف عرب ملکوں کے حکام اومختلف محکموں کے اعلی عہدیدار اور سرمایہ کار شریک ہوئے۔ یہ ایک  بڑی کانفرنس تھی جو سعودی عرب میں منعقد ہوئی اور جس کے نتیجے میں تجارتی و اقتصادی شعبوں میں نہ صرف مواقع پیدا ہوں گے بلکہ مختلف شعبوں میں تعاون کی راہ بھی ہموار ہوگی۔

سعودی عرب کی واس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق شام کے ایوان ہائے تجارت کی یونین کے چیئرمین محمد ابوالہدی الحام نے سعودی عرب کے ایوان ہائے تجارت کی یونین کے چیئرمین حسن بن معجب الحویزی سے ملاقات کی ۔ اس ملاقات میں فریقین نے اس بات سے اتفاق کیا کہ تعاون کی اقتصادی راہیں کھولی جائیں گی اور دو طرفہ تجارت و سرمایہ کاری پر سرگرمیاں شروع کی جائیں گی اور ان امور پر عرب دنیا میں شام کی عملی واپسی کے ساتھ ہی کام تیزی سے شروع ہو جائے گا۔

اس ملاقات میں دونوں فریقوں نے اسی طرح دونوں ملکوں کے سرمایہ کاروں اور تجارتی وفود کے تبادلے پر بھی اتفاق کیا اور اس بات پر بھی فریقین نے رضا مندی ظاہر کی کہ شام اور سعودی عرب میں سرمایہ کاری کے مواقع سے استفادہ کیا جائے گا تاکہ دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی تعاون کی توسیع کی راہ ہموار ہو سکے۔

سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے چینی اور عرب تاجروں کی دسویں کانفرنس کی افتتاحی تقریب میں چین کو عرب ملکوں کا سب سے بڑا تجارتی شریک قرار دیا اور اعلان کیا کہ دونوں فریقوں کے درمیان شراکت و تعاون کے فروغ کے سلسلے میں باہمی دلچسپی پائی جاتی ہے۔

دریں اثنا شام کے وزیر خارجہ نے اپنے دورہ ریاض میں سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان سے ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ تعلقات و تعاون کی توسیع کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ۔ سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے ایک ٹوئٹ میں اعلان کیا ہے کہ فیصل بن فرحان اور فیصل مقداد کے درمیان ریاض کی میزبانی میں عرب لیگ کے وزرائے خارجہ کے دوسرے اجلاس کے موقع پر ہونے والی ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور تعاون کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا گیا ۔ اس ملاقات میں شام اور علاقے کے مسائل پر بھی غور کیا گیا اور مختلف مسائل میں دمشق اور ریاض کے درمیان ہم آہنگی اور رابطہ طریقوں کی تقویت کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔

فیصل مقداد نے تاکید کی کہ شام اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات میں استحکام سے کافی امیدیں پیدا ہونے کے ساتھ ساتھ مشترکہ مسائل کا مقابلہ کرنے میں عرب اقوام کے کردار کو فروغ حاصل ہوگا ۔ اس ملاقات میں اسی طرح فیصل بن فرحان نے اس اجلاس میں عرب اور علاقائی کردار کے تعلق سے شام کی واپسی کی اہمیت پر زور دیا ۔

 واضح رہے کہ شام کے وزیر خارجہ فیصل مقداد کا دورہ ریاض سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان کی سرکاری دعوت پر انجام پایا جبکہ گذشتہ تین ماہ کے دوران شام کے وزیر خارجہ کا یہ تیسرا دورہ ریاض رہا۔

قابل ذکر ہے کہ عرب و چینی تاجروں کی دسویں کانفرنس دو ہزار تئیس میں رفاہ و آسائش کے فروغ کے لئے باہمی تعاون کے زیر عنواں گذشتہ اتوار سے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں شروع ہوئی جو دو روز تک جاری رہی۔

ٹیگس