مسجد الاقصی میں نماز جمعہ کا روح پرور اجتماع
قدس کی غاصب اور جابر صیہونی حکومت اور فوجیوں کی جانب سے فلسطینی مسلمانوں پر عائد مختلف قسم کی بندشوں اور رکاوٹوں کے باوجود آج مسجد الاقصی میں نماز جمعہ کا روح پرور اجتماع منعقد ہوا۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: ہزاروں فلسطینیوں نے آج نماز جمعہ مسجد الاقصی میں ادا کی ۔ بیت المقدس، مقبوضہ علاقوں اور دریائے اردن کے مغربی کنارے کے ہزاروں فلسطینی صیہونی فوج کے شدید حفاظتی اقدامات کے سائے میں مسجد الاقصی پہنچے اورنماز جمعہ ادا کی۔ فلسطینیوں نے نماز ادا کرنے کے بعد اس مقدس مقام پر اعتکاف کیا اور خدا سے راز و نیاز کیا۔
مسجد الاقصی میں ہزاروں فلسطینیوں کا اجتماع ایک ایسے وقت میں انجام پایا ہے کہ جب اس سے پہلے صیہونی فوجیوں اور صیہونی آبادکاروں نے مسجد الاقصی پر دوبارہ دھاوا بولا۔ بہت سے صیہونی آبادکاروں نے ایک بار پھر ایک اشتعال انگیز اقدام میں جمعرات کے روز صیہونی فوج اور سیکورٹی اہلکاروں کی حمایت سے مسجد الاقصی پر حملہ کیا۔
ناجائز صیہونی کالونیوں کے آبادکار وقتا فوقتا صیہونی حکومت کے شدت پسند حکام کی سرکردگی میں اور ان کے اشتعال دلانے پر مسجد الاقصی پر حملہ کرتے رہتے ہیں اور وہ اس مقدس مقام کی صورت حال کو تبدیل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
غاصب صیہونی کسی بھی طریقے سے اپنے مذموم منصوبوں پر عمل درآمد کے لیے مسجد الاقصی کو زمان و مکان کے لحاظ سے تقسیم کرنے کی کوشش میں ہیں۔
مسجدالاقصی کو بیت المقدس کے اسلامی اور فلسطینی تشخص کی اصلی علامت اور نشانی کے طور پر جانا جاتا ہے اور اسرائیلی حکومت اس کو ختم کرنے کی کوشش کر رہی ہے لیکن فلسطینی عوام کی استقامت اور ہوشیاری نے صیہونی حکومت کی کوششوں کو ناکام بنا دیا ہے۔