جنین اور طولکرم میں صیہونی فوجیوں کے حملے، فلسطینی مجاہدین کی مزاحمت
فلسطینی مجاہدین کی دریائے اردن کے مغربی کنارے کے شہروں جنین اور طولکرم میں صیہونی فوجیوں کے ساتھ جھڑپیں ہوئی ہیں۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: فلسطین الیوم کی رپورٹ کے مطابق مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ اتوار کی صبح صیہونی فوجیوں نے جنین پر حملہ کیا جس کے بعد مسلح جھڑپیں شروع ہو گئیں ۔ ان جھڑپوں کے دوران ایک فلسطینی نوجوان گولی لگنے سے زخمی ہو گیا۔
صیہونی فوجیوں نے طولکرم میں واقع نور شمس کیمپ پر بھی حملہ کیا جس کے بعد اس علاقے میں فلسطینی مجاہدین سے ان کی جھڑپ ہوئی۔
مقامی ذرائع نے کہا ہے کہ اس حملے میں صیہونی فوج کے ایک بڑے دستے نے حصہ لیا کہ جسے قدس بریگیڈ کی فوجی شاخ طولکرم بٹالین کی جانب سے مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔
فلسطینی مجاہدین نے اس مسلح جھڑپ کے دوران صیہونی فوجیوں کو فائرنگ کا نشانہ بنایا اور ان کی جانب دیسی ساختہ بم پھینکے۔
فلسطینی ذرائع نے گزشتہ رات بھی شمالی اغوار کے علاقے میں صیہونی فوجیوں کی ایک چیک پوسٹ پر فائرنگ کی۔
معطی سینٹر کا کہنا ہے کہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران دریائے اردن کے مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں بائیس مزاحمتی کارروائیاں انجام دی گئی ہیں کہ جن میں سے پانچ کارروائیوں میں صیہونی فوجیوں پر فائرنگ کی گئی۔
درایں اثنا فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے ترجمان حازم قاسم نے ناجائز اسرائیلی حکومت کی جیلوں میں بند فلسطینی قیدیوں کے، اجتماعی بھوک ہڑتال شروع کرنے کے فیصلے کی حمایت کی ہے۔
حازم قاسم نے غزہ میں ایران پریس کے نمائندے سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حماس فلسطینی قیدیوں کے حقوق کی بازیابی تک اسرائیلی جیلوں میں ان کی بھوک ہڑتال کی حمایت کرتی ہے۔
حازم قاسم نے اس بات پر زور دیا کہ ناجائز اسرائیلی حکومت کی جیلوں میں بند فلسطینی قیدیوں کا مسئلہ فلسطین کے سب لوگوں کے لیے ایک مرکزی مسئلہ ہے اور فلسطینی عوام، غاصب اسرائیلی حکومت کے ساتھ جنگ میں قیدیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
فلسطینی قیدی جیلوں میں قیدیوں کے ابتر حالات اور عارضی اور انتظامی گرفتاری کے خلاف بطور احتجاج آج اٹھارہ جون سے انقلاب آزادی - انتفاضہ انتظامی کے نعرے کے ساتھ اجتماعی بھوک ہڑتال شروع کر رہے ہیں۔
فلسطینی قیدیوں کے ادارے نے اعلان کیا ہے کہ اس وقت ناجائز صیہونی حکومت کی جیلوں میں پانچ ہزار فلسطینی قیدی ہیں کہ جن میں سے اکتیس فلسطینی خواتین دامون جیل میں اورایک سو ساٹھ فلسطینی بچے عوفر، مجدد اوردامون کی جیلوں میں قید ہیں۔
فلسطینی قیدیوں کے ادارے کی رپورٹ کے مطابق انیس سو سڑسٹھ سے لے کر اب تک صیہونی حکومت کی جیلوں میں دو سو سینتیس فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔