جنین میں 5 فلسطینی شہدا کی آخری رسومات
فلسطینی عوام نے غرب اردن کے علاقے جنین میں شہید ہونے والے پانچ فلسطینیوں کے جلوس جنازہ میں وسیع پیمانے پر شرکت کی۔
سحرنیوز/عالم اسلام: غرب اردن کے علاقے جنین میں شہید ہونے والے پانچ فلسطینیوں کے جلوس جنازہ اور آخری رسومات میں وسیع پیمانے پر فلسطینیوں نے شرکت کی اور شہدا کے اہل خانہ سے اپنی ہمدردی و یکجہتی کا اظہار کیا۔
جلوس جنازہ میں شریک فلسطینیوں نے جنین کیمپ پر غاصب صیہونی حکومت کی وحشیانہ جارحیت کی شدید مذمت کی اور غرب اردن میں فلسطین کی تحریک مزاحمت کی پرزور حمایت کا اعلان کیا۔
غاصب صیہونی حکومت کے ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ فلسطینی نوجوانوں نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے مغربی کنارے کے علاقے جنین میں دو صیہونی فوجیوں کو اپنی گاڑی سے کچل کر زخمی کر دیا۔
اس درمیان غرب اردن صیہونی فوجیوں سے ہونے والی جھڑپ میں ایک اور فلسطینی نوجوان شہید ہوگیا۔ بیس سالہ فلسطینی جوان کا نام زکریا محمد زکریا ہے جو پیر کی رات بیت اللحم کے مغرب میں حوسان کے علاقے میں صیہونی فوجیوں کی فائرنگ میں زخمی ہوگیا تھا اور منگل کی صبح زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگیا۔
دوسری جانب غرب اردن میں فلسطینی مجاہدین کی جاری کاروائیوں کے تحت گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران بائیس کاروائیاں انجام دی گئیں جن میں صیہونی فوجیوں اور صیہونی انتہا پسندوں کے علاقوں کو نشانہ بنایا گیا۔فلسطین کے اطلاع رسانی کے مرکز المعطی نے دو بم دھماکے کئے جانے اور پیٹرول بم اور دھماکہ خیز مواد کا استعمال کر کے صیہونی فوجیوں کی جارحیت کا مقابلہ کئے جانے کی خبر دی ہے۔
بعض علاقوں میں صیہونی فوجیوں کی جارحیت کے جواب میں پتھراؤ بھی کیا گیا۔ فلسطین کے انفارمیشن سینٹر کا کہنا ہے کہ جنین کیمپ پر صیہونی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لئے فلسطینی مجاہدین نے فائرنگ کی اور دستی بم پھینکے اور جنین کی الجملہ صیہونی چیک پوسٹ پر حملہ کیا۔
اسی اثنا میں فلسطین کی تحریک مزاحمت کے مجاہدین کی جوابی کاروائی میں کئی صیہونی فوجیوں کے زخمی ہونے کے بعد صیہونی حکومت نے علاقے میں اپنے فوجی ہیلی کاپٹر بھیج دیئے جبکہ فلسطین کی تحریک مزاحمت کے مجاہدین نے صیہونی حکومت کے ان فوجی ہیلی کاپٹروں کو بھی نشانہ بنانے کی کوشش کی۔
فلسطین کے المعطی مرکز کے مطابق فلسطین کی مزاحمتی تنظیم القدس بریگیڈ کی جنین بٹالین نے اپنے بیان میں کہا کہ حملہ آور صیہونی فوجیوں کو ہماری فورسز نے بموں اور گولیوں سے نشانہ بنایا جس میں کئی صیہونی فوجی زخمی ہوگئے۔
فلسطینی مجاہدین نے صیہونی فوج کے ایک ہیلی کاپٹر کو بھی نشانہ بنایا ہے صیہونی حکام نے اعتراف کیا ہے کہ فلسطینی مجاہدین کی جوابی کاروائیوں میں جو جنین میں انجام دی گئیں اسرائیلی فوج کی سات بکتربند گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے۔
مقبوضہ فلسطین میں نتن یاہو کی انتہا پسند کابینہ تشکیل دیئے جانے کے بعد سے مقبوضہ بیت المقدس اور مختلف فلسطینی علاقوں میں فلسطینیوں کے خلاف صیہونی جارحیت کا سلسلہ نہ صرف شروع ہوگیا بلکہ اس کے جارحانہ اقدامات تیز بھی ہوگئے ہیں۔
مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں تحریک مزاحمت کی مستحکم کاروائیاں اور غرب اردن کے علاقوں میں جارحیت کے جواب میں جارح صیہونی فوجیوں کو نشانہ بنائے جانے سے اس حقیقت کا پتہ چلتا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت کی جانب سے سرکوبی کے باوجود تحریک مزاحمت کا جوش و جذبہ مسلسل بڑھتا جا رہا ہے۔