Jul ۱۱, ۲۰۲۳ ۱۶:۴۷ Asia/Tehran
  • سوئڈش حکومت کو کویت نے الگ انداز نے دیا جواب!

کویت نے سویڈش زبان میں قرآن پاک کے 1 لاکھ نسخے تقسیم  کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: کویت کی حکومت سویڈن میں سویڈش زبان میں قرآن پاک کے 1 لاکھ نسخے تقسیم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

سویڈن کے شہر اسٹاک ہوم میں قرآن پاک کی بے حرمتی اور اس مقدس آسمانی کتاب کو نذر آتش کرنے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے حکومت کویت نے سویڈن میں قرآن مجید کے ایک لاکھ نسخے چھاپنے اور اس ملک میں تقسیم کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔

القبس اخبار کے مطابق کویت میں قرآن مجید کی اشاعت پر نظر رکھنے والے ادارے نے منگل کے روز بتایا کہ اس ملک کے وزیر اعظم احمد نواف الصباح کے حکم پر اس تعداد میں قرآن مجید کی اشاعت کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

کویتی ادارے کا کہنا تھا کہ کویت کی وزارت خارجہ کے تعاون سے سویڈش زبان میں قرآن پاک کی اشاعت اور سویڈن کے شہروں میں یہ نسخے تقسیم کیے جائیں گے۔

کویت کی کابینہ نے بھی آج صبح اپنے اجلاس میں اس مسئلے کی منظوری دی اور اس اجلاس میں بتایا کہ کہ اسلام میں رواداری اور سمجھوتے پر تاکید کی گئی ہے اور اسلامی اقدار اور انسانوں کے درمیان بقائے باہمی کے فروغ کے لیے مصحف شریف کے یہ نسخے پرنٹ اور تقسیم کئے جائیں گے۔

واضح رہے کہ بروز بدھ 28 جون کو 37 سالہ عراقی نژاد سیلوان مومیکا نے اسٹاک ہوم کی مرکزی مسجد کے سامنے قرآن پاک کے صفحات پھاڑے اور انہیں نذر آتش کر دیا۔ یہ اقدام سویڈن کی حکومت کی منظوری اور حمایت سے انجام دیا گیا جس سے پوری دنیا میں غم و غصہ پایا جاتا ہے۔

ٹیگس