Aug ۰۱, ۲۰۲۳ ۱۱:۰۸ Asia/Tehran
  • سویڈن اور ڈنمارک کی مصنوعات کا بائیکاٹ کیا جائے: مصر کے شیخ الازہر

مصر کے شیخ الازہر نے ایرانی مدارس کے ڈائریکٹر آیت اللہ علی رضا اعرافی کے خط کا خیر مقدم کرتے ہوئے اس کے جواب میں مسلمانوں کے اتحاد پر تاکید کی ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: ایران پریس کی رپورٹ کے مطابق مصر کے شیخ الازہر نے اس امید کا اظہار کیا کہ غیر انسانی اور غیر مہذب واقعہ کے خلاف مسلمانوں کا مشترکہ موقف، مسلمانوں کو مشترکہ دشمن کے مقابلے میں متحد کرنے کے لیے ایک اہم محرک اور سبب بن جائے گا۔ 

شیخ الازہر نے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ایک بار پھر تمام عرب اور اسلامی اقوام سے درخواست ہے کہ وہ خدا اور اس کی مقدس کتاب کی حمایت میں سویڈش اور ڈینش مصنوعات کا بائیکاٹ جاری رکھیں اور دنیا کے تمام آزاد منش لوگوں سے اس اہم اقدام کے لیے اپیلیں کریں۔

انہوں نے کہا کہ کتابِ خدا کی بے حرمتی کرنے والے ملکوں پر پابندی عائد نہ کرنا ان مجرموں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے جن کی کتاب خدا اور دین اسلام سے دشمنی ظاہر ہو چکی ہے اور اس مسئلہ کو نظر انداز کرنا بے حرمتی کرنے والوں کے مسلسل جرائم اور ان کی حمایت کا سبب بنتا ہے۔ شیخ الازہر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ہمیں ہر اس شخص کے خلاف کھڑے ہونا چاہئیے جو مسلمانوں اور ان کے مقدسات کی توہین کرنا چاہتا ہے۔

واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں قرآن پاک کی مسلسل توہین کے بعد ایرانی مدارس کے ڈائریکٹر آیت اللہ علی رضا اعرافی نے مصر کے شیخ الازہر احمد الطیب کو ایک خط ارسال کیا ہے جس میں ان کے موقف کی قدردانی کرتے ہوئے عالم اسلام کے تمام سیاستدانوں، شخصیات اور علماء کی حمایت سے سویڈن اور ڈنمارک میں آسمانی کتاب قرآن مجید کی توہین کے خلاف ٹھوس موقف اختیار کرنے پر تاکید کی گئی ہے۔

ٹیگس