Aug ۱۲, ۲۰۲۳ ۱۷:۴۶ Asia/Tehran

عراق میں سرکاری عمارتوں کے اوپر طیارہ شکن سسٹمز کی تعیناتی کا ویڈیو سوشل میڈیا پر جاری ہوا ہے۔

سحر نیوز/  عالم اسلام: 2003 کے بعد پہلی بار عراقی فوج نے بغداد میں ملک کی کچھ سرکاری عمارتوں کے اوپر طیارہ شکن نظام تعینات کیا ہے ۔

فارس نیوز ایجنسی کے مطابق عراقی فوج نے سنیچر کے روز بغداد میں بعض سرکاری عمارتوں کی چھتوں پر طیارہ شکن نظام تعینات کر دیا۔

السومریہ نیوز چینل نے بغداد کے باشندوں کے حوالے سے خبر دی ہے کہ عراق کے دارالحکومت میں ان نظاموں کی تنصیب نے لوگوں کو حیرت اور پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔

بہت سے عراقی عوام نے سوشل میڈیا پر بغداد میں ان نظاموں کے قیام پر ردعمل کا اظہار کیا ہے اور اس ملک کے حکام سے اس غیر معمولی اقدام کی وجہ پوچھی ہے۔

امارات کے اسکائی نیوز چینل نے عراقی سیکورٹی ذرائع کے حوالے سے لکھا کہ عراق کے دارالحکومت میں اہم اہداف کو محفوظ بنانے کے منصوبے کے مطابق طیارہ شکن میزائلوں کی تعیناتی کی گئی ہے۔"

عراق کی جوائنٹ آپریشنز کمانڈ کے ترجمان تحسین الخفاجی نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ ان سسٹمز کی تعیناتی کی وجہ عراقی آسمانوں کو کسی بھی جارحیت، خلاف ورزی یا سیکورٹی کے خطرے سے بچانا ہے۔

الخفاجی نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ان نظاموں کے قیام کے بارے میں بغداد کے باشندوں کی تشویش کے جواب میں یہ اقدام دنیا کے تمام ممالک میں ایک مشترکہ عمل ہے۔

ٹیگس