Aug ۱۴, ۲۰۲۳ ۱۷:۵۳ Asia/Tehran
  • افغانستان کے صوبے خوست میں دھماکہ، 10 افراد ہلاک و زخمی

افغان میڈیا کے مطابق دھماکے میں 3 افراد ہلاک اور 7 زخمی ہوئے ہیں۔

سحرنیوز/عالم اسلام: افغانستان کے مشرقی صوبے خوست کا ایک ہوٹل زوردار دھماکے سے گونج اُٹھا جس کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک اور 7 دیگر زخمی ہوگئے۔
خوست پولیس کے ترجمان مستغفیر گرباز نے کہا کہ دھماکہ شہر کے اس ہوٹل میں ہوا جہاں افغان عوام اور پاکستان کے علاقے شمالی وزیرستان سے آنے والے مہاجرین کثرت سے مقیم ہوتے تھے۔
تاہم انھوں نے یہ نہیں بتایا کہ دھماکے کے وقت ہوٹل میں کتنے افراد موجود تھے اور ان کا تعلق کہاں سے تھا۔
دھماکے میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی شناخت بھی ظاہر نہیں کی گئی۔
رائٹرز نے خوست کے میڈیا آفس کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں پاکستان کے علاقے وزیرستان سے تعلق رکھنے والے عسکریت پسند جنگجو ہیں جو پاکستان میں کالعدم ہیں۔
عالمی خبر رساں ادارے اے پی نے  بھی دعویٰ کیا کہ اس ہوٹل میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کی قیادت اور ارکان کو قیام کرتے دیکھا گیا ہے۔
افغانستان میں طالبان حکومت کے قیام کے بعد سے ہونے والے خودکش حملوں اور دھماکوں کی ذمہ داری داعش خراسان قبول کرتی آئی ہے تاہم اس دھماکے کی ذمہ داری انھوں نے بھی قبول نہیں کی۔
اقوام متحدہ کے مطابق 2021 میں افغانستان سے غیرملکی افواج کے انخلا اور طالبان کے قبضے کے بعد سے بم دھماکوں اور دیگر تشدد میں ایک ہزار سے زیادہ افغان شہری ہلاک ہوچکے ہیں۔

ٹیگس