سوڈان: راکٹ حملوں میں 25 افراد ہلاک
سوڈان کے دارالحکومت خرطوم پر ہونے والے ہوائی اور راکٹ حملوں میں پچیس عام شہری ہلاک ہو چکے ہیں۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: سوڈانی ذرائع کے حوالے سے فرانسیسی ٹی وی چینل چوبیس کی رپورٹ کے مطابق سوڈان کے دارالحکومت خرطوم کے شمال مغرب میں واقع ام درمان میں ایک مکان پر مارٹر گولہ گرنے کے نتیجے میں پانچ افراد ہلاک ہو گئے۔
اس رپورٹ کے مطابق خرطوم کے جنوب میں ایک رہائشی علاقے پر ہونے والے ہوائی حملے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد بیس ہو گئی ہے۔سوڈان میں مزاحمتی کمیٹیوں نے ایک رپورٹ میں اعلان کیا ہے کہ خرطوم کے ایک اسپتال میں پوسٹ مارٹم روم میں گیارہ لاشیں موجود ہیں جن میں ایک عورت اور دو بچوں کی لاشیں شامل ہیں۔
یہ لاشیں جلی ہوئی ہیں اور چتھڑا ہو چکی ہیں۔
ادھر شمالی خرطوم میں بھی حملے ہونے کی رپورٹ ملی ہے۔ یہ ایسی حالت میں ہے کہ سوڈان میں پندرہ اپریل کو اقتدار کی جنگ کے تحت ان جھڑپوں کا سلسلہ شروع ہوا ہے جبکہ بین الاقوامی سہولت کاروں کی کوششوں سے کئی بار جنگ بندی کا اعلان بھی کیا گیا تاہم دونوں ہی فریق ایک دوسرے پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام لگاتے رہے اور کوئی خاطر خواہ نتیجہ نہیں نکلا اور ہلاکتوں کا سلسلہ جاری رہا جبکہ بڑی تعداد میں سوڈانی شہری اپنا گھربار چھوڑنے پر مجبور بھی ہوئے۔