صیہونی فوجیوں کے ایک قافلے پر فلسطینیوں کا حملہ
فلسطینی مزاحمت نے ناجائز صیہونی فوجیوں کے ایک قافلے کو اپنے تیار کردہ سیف وَن نامی ایک طاقتور بم سے نشانہ بنایا ہے۔
سحر نیوز/ علام اسلام: فلسطین کی مزاحمتی تنظیم جہاد اسلامی کے عسکری بازو سرایا القدس نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ فلسطینی مجاہدوں نے گزشتہ شب اور آج منگل کے روز ناجائز صیہونی فوجیوں کے قافلے کو بم اور گولیوں سے اُس وقت نشانہ بنایا جب انہوں نے مغربی کنارے کے طولکرم شہر میں نورشمس نامی ایک کیمپ پر دھابوا بولا۔
سرایا القدس کے جاری کردہ بیان میں آیا ہے کہ طولکرم میں اسکا ٹیکنیکل یونٹ ایک طاقتور بم سیف ون کے ذریعے غاصب فوجیوں کو براہ راست نشانہ بنانے میں کامیاب رہا۔
بیان میں مزید آیا ہے کہ ناجائز صیہونیوں نے نورشمس کیمپ کے مختلف علاقوں پر گولہ باری کی۔ساتھ ہی انہوں نے اپنی جارحیت کے دوران ایک فلسطینی نوجوان کو گولی مار کر شہید کر دیا اور ساتھ ہی اپنے بلڈوزروں سے اس کیمپ کی بنیادی تنصیبات کو خاصا نقصان پہنچایا۔ اس دوران جنین بیٹالین نے صیہونی ٹولے کے ایک ڈرون طیارے کو نشانہ بنا کر تباہ کردیا اور اسکے ملبے کو بھی اپنی تحویل میں لے لیا۔ الجزیرہ ٹی وی چینل نے سرایا القدس سے وابستہ جنین بٹالین کے حوالے سے بتایا کہ اس کے مجاہدوں نے جنین کیمپ کے اطراف میں صیہونی دراندازی کا پتہ لگا کر غاصبوں سے آمنے سامنے کا مقابلہ کیا۔ مذکورہ بٹالین نے ساتھ ہی صیہونی ٹولے کے اسنائپروں کے تعینات ہونے والے مقامات کو بھی اپنے نشانے پر لیا۔اُدھر حماس نے بھی اپنا ایک بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اس کی عز الدین القسام بٹالین کے جوانوں نے جنین کیمپ میں ایک صیہونی منصوبے کو ناکام بنادیا ہے۔