ایرانی مسلح افواج کے وفد اور آذربائیجان کے وزیر دفاع کی ملاقات
آذربائیجان کی وزارت دفاع نے ایرانی مسلح افواج کے وفد سے ملاقات کی خبر دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس ملاقات میں مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سحرنیوز/عالم اسلام: آذربائیجان کی وزارت دفاع کی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق ایران کی مسلح افواج کے ایک وفد نے بریگیڈیر جنرل محمد احدی کی قیادت میں آذربائیجان کے وزیر دفاع ذاکر حسن اف سے ملاقات کی۔
رپورٹ کے مطابق آذربائیجان کے وزیر دفاع نے کہا کہ آرمینیا نے غیر قانونی طور پر آذربائیجان کے علاقے میں اپنی افواج بھیج دی ہیں جس کے جواب میں آذربائیجان نے فوری اور قاطعانہ جواب دیا ہے۔
ایران کی مسلح افواج کے بریگیڈیر جنرل احدی نے مہمان نوازی پر آذربائیجان کا شکریہ ادا کیا اور ایران کی مسلح افواج کے جوائنٹ چیف آف دی اسٹاف جنرل محمد حسین باقری کی طرف سے سلام بھی پہنچایا اور کہا کہ آذربائیجان اور ایران کے تاریخی تعلقات ہیں۔
رپورٹ کے مطابق آذربائیجان کے وزیر دفاع نے آذربائیجان ایران کے مشترکہ کمیشن کی کامیابی کےلئے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے دو طرفہ دفاعی تعاون میں فروغ آئے گا۔