مراکش نے فرانس کی مدد قبول کرنے سے انکار کردیا
مراکش کے بادشاہ محمد ششم نے زلزلہ متاثرین کے لیے فرانس کی امداد لینے سے انکار کر دیا ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: مراکش کے میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، مراکش کے بادشاہ محمد ششم نے الحوز علاقے میں ملبے کے نیچے سے لاشوں یا زندہ افراد کو نکالنے کے کام میں مدد دینے کے لیے فرانس کی تمام درخواستوں کو نظرانداز کر دیا ہے۔
مراکش کے بادشاہ نے فرانس کے صدر امانوئل میکرون کے فون کا جواب بھی نہیں دیا کہ جو زلزلے میں مرنے والوں کی تعزیت پیش کرنا اور ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے میں مدد کی پیشکش کرنا چاہتے تھے۔
فرانس کے صدر امانوائل میکرون نے نئی دہلی میں جی ٹوئنٹی کے اجلاس میں شرکت کے لیے جاتے ہوئے راستے میں مراکش کے بادشاہ محمد ششم سے بات کرنے کی درخواست کی لیکن مراکش کے بادشاہ نے انکار کر دیا۔
مراکش کے حکام نے فرانس کے حکام اور مختلف سرکاری اور غیرسرکاری اداروں کی جانب سے زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کام انجام دینے کی درخواستوں کو نظرانداز کیا ہے۔
مراکش کی وزارت خارجہ نے بھی زلزلہ زدگان کی مدد کے لیے صیہونی حکومت کی پیشکش کو سرکاری طور پر مسترد کر دیا ہے۔
دوسری جانب مراکش کے میڈیا نے کہا ہے کہ ہولناک زلزلے میں مرنے والوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہوگيا ہے اور یہ دو ہزار ایک سو بیس سے تجاوز کر گئی ہے ابھی بھی ملبے میں بہت سے افراد دبے ہوئے ہیں، مرنے والوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے جبکہ امدادی کارروائياں بھی جاری ہیں۔