رونالڈو نے مراکش میں اپنا ہوٹل زلزلہ متاثرین کےلئے کھول دیا (ویڈیو)
فٹبال کی دنیا کے اسٹار کرسٹیانو رونالڈو نے مراکش کے زلزلہ متاثرین کے دل جیت لئے، معروف فٹبالر نے اپنا لگژری ہوٹل زلزلہ متاثرین کیلئے کھول دیا۔
سحرنیوز/عالم اسلام: مراکش کے میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، عالمی شہرت یافتہ پرتگالی فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کا مراکش کے شہر ماراکیچ میں موجود ہوٹل حالیہ تباہ کن زلزلے سے متاثرہ افراد کے لیے پناہ گاہ میں تبدیل ہو گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق مراکش میں زلزلے کے بعد مقامی لوگوں نے مختلف مقامات پر پناہ لی ہے جن میں کرسٹیانو رونالڈو کا پیسٹانا CR7 ماراکیچ ہوٹل بھی شامل ہے۔
واضح رہے کرسٹیانو رونالڈو کا یہ 4 اسٹار ہوٹل مراکش میں اپنی بہت سی اعلیٰ درجے کی سہولیات جیسے آؤٹ ڈور پول، فٹنس سینٹر اور ریسٹورینٹ کے لیے مشہور ہے، لیکن زلزلے کے بعد ہوٹل نے اپنی لگژری سہولیات سے فائدہ اُٹھانے کی بجائے بے لوث ہوکر متاثرین کی مدد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔