Sep ۱۹, ۲۰۲۳ ۱۸:۱۵ Asia/Tehran
  • عراق کے عربت ایئرپورٹ پر ڈرون حملے کی تفصیلات سامنے آ گئی

عراق کے شہر سلیمانیہ میں عربت ایئرپورٹ پر ڈرون حملے کی تفصیلات سامنے آ گئی ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: عراق کے فوجی حکام نے اطلاع دی ہے کہ گزشتہ روز شام کو ملک کے شمال میں واقع عربت ہوائی اڈے پر ڈرون حملے کے نتیجے میں انسداد دہشت گردی کے 3 اہلکار جاں بحق ہو گئے۔

فارس نیوز کی رپورٹ کے مطابق، عراق کی مسلح افواج کے کمانڈر انچیف کے ترجمان یحیی رسول نے پیر کی شام صوبہ سلیمانیہ کے عربت زرعی ہوائی اڈے پر حملے کی تفصیلات بتائیں۔

عراقی ذرائع نے پیر کی شام کو خبر دی ہے کہ صوبہ سلیمانیہ کے عربت زرعی ہوائی اڈے کو ایک حملے کا نشانہ بنایا گیا لیکن جاں بحق ہونے کی صحیح تعداد اور حملے کی وجہ پتہ نہیں چل سکی تھی۔

عراق کی سرکاری خبر رساں ایجنسی واع کی رپورٹ کے مطابق عراق کی مسلح افواج کے کمانڈر انچیف کے ترجمان نے شام 5 بجے ہونے والے حملے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے وضاحت کی کہ ایک ڈرون ترکیہ کی سرحد سے ملک کے اندر داخل ہوا اور اس نے سلیمانیہ صوبے کے عربت ہوائی اڈے کو نشانہ بنایا۔

یحییٰ رسول نے مزید بتایا کہ اس حملے میں عراق کی انسداد دہشت گردی فورس کے 3 اہلکار جاں بحق ہوگئے جبکہ 3 زخمی ہوئے۔

یحیی رسول نے تاکید کی کہ یہ جارحیت عراق کی خودمختاری اور ملک کی سلامتی اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ حملہ، خطے اور دنیا کے امن و سلامتی کے لیے خطرہ، بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں اور اہداف کا کی پامالی ہے۔

ٹیگس