شام: تل تمر بجلی گھر پر ترک فوج کا حملہ، بجلی کی سپلائی منقطع
شام کے صوبے الحسکہ میں تل تمر بجلی گھر پر ترک فوج کے حملے میں اس بجلی گھر کو خاصا نقصان پہنچا اور اس نے کام کرنا بند کر دیا۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: شام کی سرکاری نیوز ایجنسی سانا کی رپورٹ کے مطابق شام کے اس بجلی گھر کے سربراہ کا کہنا ہے کہ ترک فوج نے بجلی گھر پر مارٹر گولوں سے حملہ کیا جس کی بنا پراس بجلی گھر نے کام کرنا بند کر دیا۔انھوں نے کہا کہ بجلی گھر میں آنے والی خرابی سے آس پاس کے تمام علاقوں کی بجلی منقطع ہو گئی ہے۔
شام کے صوبے الحسکہ میں تل تمر بجلی گھر کے سربراہ نے تاکید کی کہ اس بجلی گھر میں آنے والی خرابی کو دور کر کے بجلی کی سپلائی دوبارہ شروع کئے جانے کی بھرپور کوشش کی جا رہی ہے۔
ترک فوج حالیہ دنوں میں اس بجلی گھر کے اطراف کے علاقوں پر بارہا حملے کرتی رہی ہے۔ جن میں رہائشی مکانات اور بنیادی تنصیبات کو خاصا نقصان پہنچا ہے۔
واضح رہے کہ دو ہزار سترہ کے سمجھوتے کے تحت اور آستانہ امن عمل کے مطابق ایران، روس اور ترکیہ نے شام میں امن کے ضامن ملکوں کی حیثیت سے چار محفوظ علاقے قائم کئے ہیں اور دہشت گرد ان علاقوں میں دراندازی کر کے بدامنی پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں ۔