فرانسیسی سفیر کی روانگی کے بعد نائجر میں جشن اور خوشی کا ماحول
نائیجر کے ہزاروں افراد نے فرانسیسی سفیر کے ملک سے نکلنے پر جشن منایا۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: فارس نیوز کی رپورٹ کے مطابق، نائیجر کے ہزاروں افراد نے ملک کے دارالحکومت نیامی کے مرکز میں جمع ہو کر فرانس کے سفیر سلوین ایٹی کے ملک چھوڑنے پر جشن منایا۔
انخلا کا یہ عمل نائجر کے فوجی حکمرانوں کی دھمکی اور پیرس کی خواہش کے بعد انجام پایا ہے۔
روس الیوم کی ویب سائٹ کے مطابق نیامی کے عوام نے رقص کرکے اپنی خوشی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر’گمبی اسٹار‘ نامی بینڈ کا میوزک کنسرٹ بھی ہوا جس میں ہزاروں افراد نے مفت میں شرکت کی۔
اس گروپ کے گلوکاروں نے ہمیں چیانی کی ضرورت ہے جیسے گانے گائے۔ ان کا اشارہ نیشنل ڈیفنس کونسل کے چیئرمین جنرل عبدالرحمن چیانی کی طرف تھا۔
گزشتہ روز فرانسیسی ایوان صدر نے تصدیق کی کہ ملک کے سفیر نے نائجر چھوڑ دیا ہے۔ نائجر کی ملٹری کونسل نے اس سے قبل فرانسیسی سفیر سلوین ایٹی کا سفارتی استثنیٰ منسوخ کر دیا تھا اور پولیس کو حکم دیا تھا کہ انہیں نائجر سے بے دخل کر دیا جائے۔