Oct ۰۲, ۲۰۲۳ ۱۵:۲۶ Asia/Tehran
  • مسجد الاقصی کےنیچے سرنگ کھولے جانے پر حماس کا شدید ردعمل

فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے صیہونی حکومت کے توسط سے مسجد الاقصی کےنیچے ایک سرنگ کھولے جانے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ مسجد الاقصی پر تسلط اور اسے یہودیانے کی راہ میں ایک اور جارحانہ اقدام ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: غاصب صیہونی حکومت نے گذشتہ برسوں کے دوران بہت زیادہ سرنگیں قبلہ اول مسجدالاقصی کے نیچے کھودی ہیں اور ہیکل سلیمانی کی تعمیر اور یہودیوں کے دیگر بے بنیاد جھوٹے دعووں کو عملی شکل دینے کی غرض سے مسلمین عالم کے قبلہ اول کی تخریب کے لئے زمین ہموار کرنے کی کوشش کی ہے۔

اس بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطینی قوم اور انقلابی جوان ہرگز صیہونیوں کے مذموم مقاصد اور منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کی اجازت نہیں دیں گے اور ڈٹ کر اس کا مقابلہ کریں گے۔

حماس نے کہا ہے کہ جارح صیہونی حکومت نے جن جھوٹی پالیسیوں اور تاریخی انحرافات کا سہارا لیا ہے اس کے ذریعے سے وہ ہرگز بیت المقدس اور مسجدالاقصی سمیت فلسطینی سرزمین پر اپنے باطل وجود کو قانونی حیثیت نہيں دے سکتی۔

اس بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ صیہونی غاصبوں کی مسجد الاقصی میں تمام تر جارحیتیں، فلسطینی قوم کے تاریخی حقائق کو نابود نہيں کرسکتیں۔

واضح رہے کہ صیہونی حکومت نے یہودی عیدوں کے موقع پر مسجد الاقصیٰ کے نیچے ایک نئی سرنگ تعمیر کی ہے، یہ نئی سرنگ قدس شہر اور مسجد الاقصیٰ کی بہت سی یادگاروں اور آثار کو یہودی رنگ دینے کی غرض سے بنائی گئی ہے اور درحقیقت یہ یہودی ہیکل کی ترویج کرتی ہے۔ یہ سرنگ سیلوان ٹاؤن میں باب المغاربہ سے شروع ہوئی ہے جو صحن براق سے ہوتی ہوئی اموی محلوں تک جاتی ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق یہ سرنگ دو سو میٹر لمبی اور بارہ میٹر اونچی ہے اور اس کے اندر کی دیواروں پر تصویریں بھی بنائی گئی ہیں جن کے بارے میں صیہونی حکومت کا دعویٰ ہے کہ ان کے ذریعے میں بیت المقدس کی تاریخ کو دکھایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ، اس سرنگ سے گزرتے وقت، مسجد اقصیٰ کے نیچے یہودیوں کے جعلی اور جھوٹے معبد کے بارے میں تین منٹ کی ویڈیو فائل تین زبانوں عربی ، انگریزی اور عبری زبان میں دکھائی جاتی ہے۔

ٹیگس