فلسطینیوں اور صیہونی فوجیوں میں جھڑپیں کئی صیہونی فوجی زخمی
غاصب صیہونی حکومت کے جارح فوجیوں نے آج علی الصبح غرب اردن میں طولکرم کو جارحیت کا نشانہ بنایا اور فلسطینیوں پر اندھادھند فائرنگ کی۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: صیہونی فوجیوں کی جارحیت کے جواب میں فلسطینیوں نے بھی ایک صیہونی فوجی یونٹ کا محاصرہ کر لیا اور دو طرفہ جھڑپ میں کئی صیہونی فوجی زخمی ہوگئے اور پھر صیہونی فوج پیچھے ہٹنے پر مجبور ہو گئی۔
فلسطین الیوم نے بھی رپورٹ دی ہے کہ غرب اردن کے شمال میں واقع طولکرم کیمپ پر صیہونی جارحیت کے جواب میں جہاد اسلامی فلسطین کے فوجی بازو سرایا القدس کی طولکرم بٹالین نے کئی صیہونی فوجیوں کو زخمی کر دیا۔
مقامی ذرائع نے صیہونی فوجیوں کو زخمی حالت میں ہیلی کاپٹر کے ذریعے منتقل کئے جانے کی تصاویر بھی نشر کی ہیں۔
بدھ کی رات اور جمعرات کی صبح غرب اردن کے شہر نابلس میں مزار یوسف علیہ السلام پر صیہونی جارحیت کے نتیجے میں بھی شدید جھڑپیں ہوئی ہیں ۔ صیہونی فوجیوں نے صیہونی آباد کاروں کو منتقل کرنے کے لئے روضہ حضرت یوسف علیہ السلام کو جارحیت کا نشانہ بنایا تھا۔
فلسطین کی ہلال احمر سوسائٹی نے بھی اس خبر کی تصدیق کی ہے کہ روضہ حضرت یوسف علیہ السلام کے قریب صیہونی فوجیوں کے حملے میں ایک فلسطینی نوجوان زخمی ہو گيا۔ جبکہ فلسطینیوں نے روضہ حضرت یوسف علیہ السلام پر صیہونی فوجیوں کی جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور صیہونی فوجیوں کو بے بس کر کے رکھ دیا ۔ اس علاقے میں فلسطینیوں اورغاصب صیہونی حکومت کے جارح فوجیوں کےدرمیان شدید جھڑپیں بھی ہوئیں۔