شام میں تین روزہ عام سوگ کا اعلان
شام کے صوبے حمص میں فوجی اکیڈمی پر دہشت گردانہ حملے میں سو کے قریب افراد جاں بحق ہوگئے-
سحرنیوز/ عالم اسلام : دہشت گردوں نے جمعرات کو مغربی شام کے صوبے حمص میں ایک فوجی اکیڈمی میں پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب پر ڈرون طیارے کے ذریعےحملہ کیا جس کے نتیجے میں سو کے قریب افراد جاں بحق اور دوسو سے زائد افراد زخمی ہوگئے
اس دہشت گردانہ واقعے کے بعد شام کی وزارت دفاع نے یہ اعلان کرتے ہوئے کہ ادلب میں دہشت گرد عناصر اس حملے کے ذمہ دار ہیں کہا ہے کہ اس دہشت گردانہ حملے میں متعدد فوجی اورعام شہری جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوئے ہیں جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے-
شام کی حکومت نے صوبہ حمص میں فوجی اکیڈمی میں ہونے والے ڈرون حملے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والوں کی یاد میں آج جمعے سے تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے -
شامی حکومت کے بیان کے مطابق اس دوران ملک بھر اور بیرون ملک، شام کے تمام سفارت خانوں پر پرچم سرنگوں ہوں گے۔ شامی فوج اور مسلح افواج کی جنرل کمان نے ایک بیان میں دہشت گردی کی اس کارروائی کو ایک غیرمعمولی جارحانہ کاروائی قرار دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ وہ اس کا پوری طاقت سے جواب دیں گے اور اس جرم کے منصوبہ سازوں اور انجام دینے والوں کو بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔