غزہ پرصیہونی جارحیت میں 3 ہسپتال مکمل تباہ 25 ہسپتال بری طرح متاثر
فلسطین کی وزارت صحت نے صیہونی جارحیت میں غزہ کے پچیس اسپتالوں کو نقصان پہنچنے اور تین اسپتالوں کی سرگرمیاں بند ہوجانے کی خبر دی ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: فلسطین کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ صیہونی جارحیت میں غزہ کے تین اسپتال بالکل تباہ ہو چکے ہیں جن کی سرگرمیاں بند ہو گئی ہیں ۔ فلسطین کی وزارت صحت نے تاکید کی ہے کہ پچیس دیگر اسپتالوں کو صیہونی جارحیت میں خاصا نقصان پہنچا ہے۔
اس سے قبل غزہ میں شہدائے الاقصی اسپتال کے سربراہ ایاد الجبری نے اعلان کیا تھا کہ علاقے میں طبی اور حفظان صحت کی صورت حال نہایت ابتر ہے اور دواؤں اور طبی وسائل کی شدید قلت کا سامنا ہے۔
غزہ میں المعمدانی اسپتال پر صیہونی حکومت کی بمباری میں سیکڑوں کی تعداد میں فلسطینی عوام کہ جن میں بچوں کی خاصی بڑی تعداد شامل ہے، شہید ہوئے ہیں اور غزہ میں غاصب صیہونی حکومت کی جانب سے اسپتالوں اور طبی مراکز کو وحشیانہ جارحیت کا نشانہ بنائے جانے کا یہ صرف ایک نمونہ ہے۔
گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران غزہ کے مختلف علاقوں پر وحشیانہ صیہونی جارحیت میں ساڑھے چھے سو سے زائد نہتے اور مظلوم فلسطینی عوام شہید و زخمی ہوئے ہیں۔