قاہرہ میں فلسطین کی صورتحال پر بین الاقوامی اجلاس، فوری جنگی بندی کا مطالبہ
مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں صدر عبدالفتاح السیسی کی سربراہی میں فلسطین کی صورتحال کے جائزے کے لئے بین الاقوامی اجلاس بلایا گيا۔
سحرنیوز/عالم اسلام: اس اجلاس میں عرب ممالک اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے شرکت کی۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے اس اجلاس میں تقریر کرتے ہوئے ایک بار پھر غزہ پٹی میں فوری طور پر جنگ بندی کئے جانے کا مطالبہ کیا۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل آٹونیو گوٹریش نے کہا کہ یہ اجلاس ایک ایسے علاقے میں ہو رہا ہے جو درد سے پیچ و تاب کھا رہا ہے اور اپنی نابودی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے اپنے کل کے رفح گزرگاہ کے دورے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہاں مجھے تضادات نظر آئے۔ وہاں انسانی المیہ رونما ہو رہا ہے۔
عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل احمد ابوالغیط نے بھی اس اجلاس میں تقریر کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورتحال کا جاری رہنا غاصب صیہونی حکومت کی جانب سے عالمی اور انسانی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کے مترادف ہے۔