گذشتہ ایک گھنٹے میں پچاس فلسطینی شہید ہوگئے: وزارت صحت فلسطین
فلسطین کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ غزہ کےمختلف علاقوں پر وحشیانہ صیہونی جارحیت میں صرف ایک گھنٹے میں پچاس فلسطینی شہید ہوئے ہیں۔
سحرنیوز/ عالم اسلام: فلسطین کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ غزہ میں صرف خان یونس کے رہائشي علاقوں پر صیہونی حکومت کی بمباری میں پچیس فلسطینی شہید اور ساٹھ دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ دریں اثنا حماس کے انفارمیشن سینٹر نے اعلان کیا ہے کہ صیہونی حکومت کی جانب سے اب تک جتنے بم برسائے گئے ہیں ان کی طاقت، اس ایٹم بم کے برابر رہی ہے جو ہیروشیما پر گرایا گيا تھا۔رپورٹ کے مطابق غزہ میں ہر مربع کلو میٹر زمین پر لوگوں پر تینتیس ٹن دھماکہ خیز مواد برسایا گيا ہے۔
طوفان الاقصی آپریشن ایسی حالت میں انیسویں دن میں داخل ہوا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت، غزہ کے رہائشی علاقوں اور طبی مراکز پر وحشیانہ بمباری کر رہی ہے اور صیہونی جارحیت پر مغربی ملکوں کا دفاع، عام شہریوں کا قتل عام جاری رکھے جانے کے لئے مغرب کی ہری جھنڈی دکھائے جانے کے مترادف ہے۔ واضح رہے کہ غزہ پر صیہونی جارحیت میں اب تک پانچ ہزار تین سو فلسطینی شہید اور اٹھارہ ہزار سے زائد دیگر زخمی ہو چکے ہیں۔