حزب اللہ کے سامنے غاصب صیہونی فوجی بے بس، صیہونی بستیاں خالی
حزب اللہ کے حملوں کے بعد صیہونی بستیوں سے دسیوں ہزار صیہونی بے گھر ہوگئے ہیں اور صیہونی بستیاں بھی خالی ہوچکی ہیں۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: المنار ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق لبنان کی عوامی تحریک حزب اللہ نے کہا ہے کہ اس نے شبعا فارمزمیں صیہونی فوجی اڈے السماقہ نیز المالکیہ علاقے کو اپنے حملوں کا نشانہ بنایا ہے جس کے نتیجے میں متعدد صیہونی فوجی زخمی ہوگئے ہیں ۔
دوسری جانب خبری ذرائع نے الجلیل اور مقبوضہ فلسطین کے شمالی علاقے میں واقع بعض صیہونی بستیوں میں خطرے کے سائرن بجنے کی خبر دی ہے۔
قدس ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق جنوبی لبنان سے راکٹوں سے حملہ کئے جانے کے بعد شمالی فلسطین میں چند خوفناک دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں۔ صیہونی حکومت کے چینل بارہ نے بھی خبر دی ہے کہ لبنان سے چار راکٹ فائر کئے گئے جن میں سے دو راکٹوں کو ٹریک نہیں کیا جاسکا۔
حالیہ دنوں میں غزہ پٹی پر صیہونی حکومت کے حملوں اور غاصبوں کے خلاف طوفان الاقصی آپریشن جاری رہنے کے دوران صیہونی حکومت کے لڑاکا طیاروں نے بارہا جنوبی لبنان کے مختلف علاقوں پر حملے کئے ہیں جس کے جواب میں حزب اللہ لبنان نے بھی صیہونی فوجیوں کے بعض اڈوں کو اپنے حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔
غاصب صیہونی فوج کے اڈوں پر حزب اللہ لبنان کے حملے شروع ہونے کے بعد لبنان کی سرحد کے پاس واقع صیہونی بستیوں سے دسیوں ہزار صیہونی بے گھر ہوگئے ہیں اور صیہونی بستیاں بھی خالی ہوچکی ہیں۔