Nov ۰۲, ۲۰۲۳ ۰۹:۰۰ Asia/Tehran
  • القسام بریگیڈ کا صیہونی فوجی اڈے پر حملہ، 3 صیہونی ہلاک

تحریک حماس کی فوجی ونگ شہید عزالدین قسام بریگيڈ نے اعلان کیا ہے کہ اس کے فوجیوں نے غاصب اسرائیل کے مارس نامی فوجی اڈے کو زواری کے علاقے میں خودکش ڈرون سے نشانہ بنایا ہے۔

سحرنیوز/عالم اسلام: عزالدین قسام بریگيڈ نے اسی طرح اعلان کیا ہے کہ القسام بریگيڈ کی بری فوج نے، صہیونی پیادہ فوجیوں پر فرنٹ لائن کے پیچھے سے اچانک حملہ کیا جس کے نتیجے میں تین قابض فوجی ہلاک ہوگئے۔
القسام نے غزہ کی سرحد پر اسرائیلی فوج کے ایک ٹینک کو، یاسین ایک سو پانچ نامی راکٹ کے ذریعے تباہ کردیا۔ القسام کے مطابق اس نے غزہ کی سرحد پر واقع حجر الدیک علاقے میں بھی صہیونی فوج کے ایک ٹینک کو یاسین ایک سو پانچ نامی راکٹ سے نشانہ بنایا اور صیہونی فوجیوں پر مارٹر گولے برسائے، جس کے نتیجے میں وہ پسپا ہونے پر مجبور ہوگئے۔
صیہونی ذرائع ابلاغ نے اطلاع دی ہے کہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران غزہ پر اس حکومت کی فوج کے زمینی حملے میں ہلاک ہونے والے صیہونی فوجیوں کی تعداد اٹھارہ تک پہنچ گئی ہے۔
صیہونی حکومت کے ذرائع ابلاغ نے بدھ کو اعلان کیا کہ غزہ کی سرحد پر زمینی لڑائی کے دوران، فلسطینی مزاحمت کاروں کے صرف ایک راکٹ حملے میں ان کی ٹائيگر قسم کی ایک فوجی گاڑی تباہ ہوگئی اور اس کے سات فوجی ہلاک اور چار دیگر زخمی ہوگئے۔
تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق صیہونی حکومت کے ترجمان نے اعتراف کیا ہے کہ سات اکتوبر کو طوفان الاقصی آپریشن کے آغاز سے لے کر اب تک صیہونی فوجیوں کی ہلاکتوں کی تعداد تین سو ستائیس ہوگئی ہے۔

ٹیگس