غزہ میں ایک بڑا سانحہ رونما ہونے والا ہے
غزہ کے الشفا اسپتال کے ڈائریکٹر نے کہا ہے کہ ایک بڑا سانحہ رونما ہونے والا ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: غزہ کے الشفا اسپتال کے ڈائریکٹر محمد ابو سلمیہ نے کہا ہے کہ یہ اسپتال نہ صرف خطرناک مرحلے میں پہنچ گیا ہے بلکہ ایک بڑا سانحہ رونما ہونے والا ہے۔
محمد ابوسلمیہ نے کہا کہ الشفا اسپتال کے گیٹ پر ایمبولینسوں کو نشانہ بنایا گیا جس میں تیرہ افراد شہید اور دسیوں زخمی ہوگئے نیز اسپتال کی عمارت کو بھی بھاری نقصان پہنچا۔
الشفا اسپتال کے ڈائریکٹر نے کہا کہ غاصب فوجیوں نے دو دیگر ایمبولینسوں کو بھی نشانہ بنایا جو کہ زخمیوں کو مصر کے اسپتالوں میں داخل کرانے کے لئے لے کر جا رہی تھیں۔ ان ایمبولینسوں پر غزہ کے مغرب میں بمباری کی گئی۔
محمد ابوسلمیہ نے کہا کہ الشفا اسپتال غزہ پٹی کا سب سے بڑا میڈیکل کمپلیکس ہے جو تین جنریٹروں کی مدد سے کام کرتا ہے لیکن اس وقت صرف ایک جنریٹر ہی کام کر رہا ہے اور اس کے بعض شعبوں میں صرف چار گھنٹے بجلی آ رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بجلی نہ ہونے سے اسپتال پر بڑا منفی اثر پڑتا ہے اور یہ صورت حال جاری رہنے اور ایندھن کی فراہمی روکے جانے کے نتیجے میں تو اہم وارڈ کام کرنا بند کردیں گے نیز اسپتال ایک قبرستان میں تبدیل ہوجائے گا۔
اسپتال کے ڈائریکٹر نے مزید کہا کہ بچوں کے وارڈ، انتہائی نگہداشت والے وارڈ، ایمرجنسی شعبہ، آپریشن تھیٹر اور لیباریٹری اس وقت فعال ہیں، بعض شعبوں کی بجلی کاٹ دیں گے اور صرف شام چھ بجے سے رات دس بجے تک ان کو بجلی ملے گی۔
محمد ابوسلمیہ نے کہا کہ رفح گزرگاہ کھولے جانے اور اسپتالوں کا کام جاری رکھنے کے لئے ضروری ایندھن کی فراہمی نیز ادویات و طبی اشیا کی ضرورت ہے۔