Nov ۰۵, ۲۰۲۳ ۱۷:۴۹ Asia/Tehran
  • امریکہ دنیا کی آواز کو سنو: اسماعیل ھنیہ

حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے امریکا اوریورپ کی حکومتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنے عوام کی فریاد سنیں، اور مظلوم فلسطینی عوام کا قتل عام کرنے کے سبب غاصب صیہونی حکومت کے ساتھ تعاون بند کردیں۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے سیاسی دفتر کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے ہفتے کی رات واشنگٹن اور دیگر مغربی ملکوں کے شہروں اور دارالحکومتوں میں فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کے لئے ہونے والے مظاہروں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہزاروں افراد کی تعداد میں دنیا کے مختلف ملکوں میں لوگوں کا سڑکوں پر آکر فلسطین کی حمایت میں نعرے لگانا، اس بات کی علامت ہے کہ دنیا مکمل طور پر غاصبوں اور صیہونیوں کی وحشیگری سے تنگ آچکی ہے۔

امریکی اور یورپی مظاہرین فلسطین کے پرچم اور ایسے پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے جن پر نسل کشی بند کرو، غزہ کو آزاد کرو، اور جنگ بندی نافذ ہو، جیسے نعرے تحریر تھے-

اسماعیل ہنیہ نے کہا کہ امریکہ اور وہ یورپی ممالک جو غزہ میں صیہونی حکومت کے جرائم پر پردہ ڈال رہے ہيں ان کو چاہئے کہ قوموں کی آواز پر کان دھریں ۔ یہ اقوام کہہ رہی ہيں کہ فلسطین کو آزاد ہونا چاہئے ، مزاحمت قانونی اور جائز ہے اور غاصبوں کو زوال ہے-

کونسل آن امریکن اسلامک ریلیشنز کے ترجمان ابراہیم ھوپر نے کہا کہ اس وقت سب ہی جنگ بندی کے خواہاں ہيں۔ جنگ بندی کے بغیر کوئی بھی کام انجام نہیں پا سکتا اور یہی وجہ ہے کہ اس وقت غزہ ميں انسان دوستانہ امداد کی ترسیل ، زخمیوں کے علاج اور حتی غزہ میں لاشوں کو ملبے سے نکالنے اور ان کو دفن کرنے کا کام انجام نہیں پا رہا ہے - اس وقت عالمی سطح پر فلسطینیوں کے حق میں مظاہرے ایسے عالم میں ہو رہے ہيں کہ غزہ کے مختلف علاقوں پر جارح صیہونی حکومت کے ہمہ جانبہ زمینی ، ہوائی اور سمندری حملے جاری ہيں۔

ٹیگس