غزہ میں انروا کے مراکز پر حملے میں شہید ہونے والوں کی تعداد 191 ہوگئی
غزہ میں فلسطینی مہاجرین کے لئے اقوام متحدہ کے امداد رسانی اور روزگار کے ادارے انروا کے اسکولوں پر صیہونی حکومت کے حملوں میں ایک سو اکیانوے فلسطینی شہید ہوئے ہیں۔
سحرنیوز/عالم اسلام: اقوام متحدہ کے ادارے انروا نے بتایا ہے کہ غزہ میں اس کے زیر اہتمام چلنے والے اسکولوں پر اسرائيلی بمباری میں ایک سو اکیانوے فلسطینی شہید اور 798 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ فلسطینی مہاجرین کے لئے اقوام متحدہ کے امدادی ادارے نے بتایا ہے کہ مرکزی اور شمالی غزہ میں صیہونی حکومت کی بمباریوں میں اس کو اپنے دو اسکولوں کے مکمل طور پر منہدم ہوجانے کی حتمی رپورٹ مل گئی ہے۔ فلسطینی مہاجرین کےلئے اقوام متحدہ کی امدادی اور روزگار کی ایجنسی انروا کے ترجمان نے اتوار کو کہا تھا کہ صیہونی حکومت کی فوج اس کے مراکز پر جہاں فلسطینی مہاجرین نے پناہ لے رکھی ہے، عمدا حملے کررہی ہے۔ غزہ ميں انروا کے ترجمان نے کہا ہے کہ " ہم سمجھ رہے تھے کہ ہمارے مراکز پر غلطی سے حملے ہوتے ہیں لیکن جو کچھ ہورہا ہے اس سے کچھ اور ثابت ہوتا ہے جو قابل قبول نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ان تمام واقعات کے دستاویزی ثبوت جمع کرکے بین الاقوامی قانونی چارہ جوئی کے مرکز تک پہنچانے کی کوشش کررہے ہیں۔ غزہ میں انروا کے ترجمان نے اسی کے ساتھ کہا کہ اس ادارے کی ترجیح ان غیر فوجیوں کی جان کی حفاظت ہے جو اس کے مراکز میں پناہ گزین ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ انروا کے مراکز میں پناہ گزین غیر فوجی فلسطینیوں کی تعداد نو ہزار ایک سو اکتالیس ہے۔ انروا کے ترجمان نے بتایا کہ غزہ کے جبالیا کیمپ میں اس ایجنسی کے اکیس اسکول ہیں۔