Nov ۲۳, ۲۰۲۳ ۱۶:۱۶ Asia/Tehran
  • جنگ بندی کے اعلان کے باوجود غزہ پرغاصب اسرائیل کے وحشیانہ حملوں کا سلسلہ جاری

جنگ بندی کے اعلان کے باوجودغزہ پر غاصب صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: غزہ سے موصولہ رپورٹوں میں مختلف علاقوں میں غاصب صیہونی فوج کے حملوں میں مزید نہتے اور مظلوم فلسطینی عوام کے شہید اور زخمی ہونے کی خبر دی گئی ہے۔ ان رپورٹوں کے مطابق دیر بلح میں صیہونی فوج کے تازہ حملے میں کم سے کم تین فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں ۔

غاصب صہیونی فوج نے دیر البلح ، المغازی، اور البریج پر شدید گولہ باری کی ہےاسی طرح شمالی غزہ کے ابواسکندرنامی علاقے میں صیہونی فوج کے وحشیانہ حملوں میں درجنوں بےگناہ فلسطینی عوام کے شہید اور زخمی ہونے کی خبرہے۔غاصب صیہونی حکومت کے جارح فوج نے غزہ کے الجبالیا کیمپ پر بھی حملہ کیا ہے جس میں متعدد فلسطینی شہید اور زخمی ہوگئے۔ ایک اور رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صیہونی فوج کے جنگی بحری جہازوں نے بھی غزہ کے دیر البلح اور النصیرات نامی علاقوں پر گولہ باری کی ہے۔

یہ ایسی حالت میں ہے کہ غزہ میں فلسطینی حکومت کے انفارمیشن سینٹر نے اس سے پہلے بتایا تھا کہ غزہ میں غاصب صیہونی حکومت کے حملوں میں شہید ہونے والوں کی تعداد چودہ ہزار چھے سو سے تجاوز کرگئی ہے۔اس رپورٹ کے مطابق غزہ میں شہید ہونے والوں میں چھے ہزار بچے اور تقریبا چار ہزار خواتین ہیں۔

فلسطین انفارمیشن سینٹر کے مطابق غزہ ميں صیہونی فوج کے وحشیانہ حملوں میں لاپتہ ہونے والوں کی تعداد سات ہزار سے زیادہ ہے جن میں اکثریت عورتوں اور بچوں کی ہے۔

ٹیگس