حماس کے رہنما کا بیان: جنگ بندی کی مدت میں توسیع کا امکان ہے
فلسطین کی تحریک حماس نے غزہ میں جنگ بندی کی مدت میں ممکنہ توسیع کی امید ظاہر کی ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے ایک رہنما باسم نعیم نے کہا ہے کہ غزہ میں جمعے کی صبح سے شروع ہونے والی جنگ بندی کی مدت میں توسیع ہونے کی امید کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حماس کا مقصد انسان دوستانہ فائر بندی کی ضمانت فراہم کرنا ہے اور اس کی مدت میں ممکنہ طور پر توسیع ہوسکتی ہے البتہ اس توسیع کا دارومدار تمام قیدیوں کی رہائی پر ہے۔ واضح رہے کہ جمعے کی صبح سات بجے سے حماس اور صیہونی حکومت کے درمیان چار روزہ جنگ بندی شروع ہو رہی ہے جبکہ غاصب صیہونی حکومت کے خلاف طوفان الاقصی آپریشن شروع ہونے کے اڑتالیس روز بعد اور غزہ کے خلاف زمینی جنگ غاصب صیہونی حکومت کو ہونے والی شکست کے بعد مقبوضہ فلسطین کی غاصب صیہونی حکومت کی انتہا پسند کابینہ بدھ کے روز قطر اور مصر کی سہولت کاری سے جنگ بندی پر مجبور ہوگئی اور اسے اس جنگ میں وحشیانہ جارحیت کا کوئی نتیجہ حاصل نہیں ہوا۔