Nov ۲۵, ۲۰۲۳ ۱۵:۰۰ Asia/Tehran
  • دشمن اسرائیل کی جانب سے معاہدے کی خلاف ورزی کا سخت جواب دیں گے: سرایا القدس

سرایا القدس بٹالین نے اعلان کیا ہےکہ ہم جنگ بندی سمجھوتے کے پابند ہیں لیکن دشمن کی جانب سے کسی بھی طرح کی معاہدے کی خلاف ورزی کا سخت جواب دیں گے

سحر نیوز/ عالم اسلام: سرایا القدس کے ترجمان ابوحمزہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ گذشتہ اڑتالیس گھنٹے کے دوران ، فلسطینی مزاحمت نے صیہونی آبادی والے علاقوں اور شہروں کو، سیکڑوں راکٹوں اور مارٹر گولوں سے نشانہ بنایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لبنانی مزاحمت نے دشمن کو کاری ضرب لگائی ہے اور آئندہ دنوں میں اس سے زيادہ نقصان پہنچائے گی-

ابوحمزہ نے کہا کہ عراق میں امریکی فوجی اڈوں پر راکٹ اور میزائلوں سے حملے کئے گئے ہیں اور یمنی عوام نے بھی بحیرۂ احمر میں ایک اسرائیلی جہاز کو اپنے قبضے میں لے ليا اور انہوں نے دشمنوں کو یہ پیغام دیا کہ بحیرۂ احمر میں ہمیں قانونی اختیارات حاصل ہیں لیکن تمہیں یہ حق نہ تو حاصل ہے اور نہ کبھی ہوگا-

انہوں نے مزید کہا کہ مغربی کنارہ، عرب اور اسلامی عزت و شرف کے دفاع کی جنگ کا ایک لازمی حصہ رہا ہے اور رہے گا۔

سرایا القدس کے ترجمان نے یہ بھی کہا کہ ہم انسانی ہمدردی کی بنیاد پر جنگ بندی کے دوران فوجی آپریشن کو اس وقت تک معطل کرنے کا اعلان کرتے ہیں جب تک کہ دشمن معاہدے کی تعمیل کرے گا لیکن اگر دشمن نے معاہدے کی خلاف ورزی کی تو اس کا مناسب جواب دیا جائے گا۔

ٹیگس