Dec ۰۷, ۲۰۲۳ ۰۹:۳۰ Asia/Tehran
  • ایران میں اسلامی مزاحمتی تنظیم جہاد اسلامی کے نمائندے: اسرائيل کے جرائم پر مغربی میڈیا کی خاموشی، انسانیت کا زوال ہے

ایران میں اسلامی مزاحمتی تنظیم جہاد اسلامی کے نمائندے نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ انسانی تہذیب صرف سرمایہ اور ٹکنالوجی نہيں ہے بلکہ انسانی اصولوں اور اقدار پر توجہ کا نام تمدن ہے، کہا کہ اسرائيل کے جرائم پر مغربی میڈیا کی خاموشی، انسانیت کا زوال ہے۔

سحرنیوز/عالم اسلام: ناصر ابوشریف نے ایلام یونیورسٹی میں یوم طلبہ کے موقع پر غزہ کے شہیدوں کی یاد میں منعقدہ ایک پروگرام میں کہا کہ طلبہ کو مغرب کی حقیقت سمجھنا چاہیے اور ان کے پروپیگنڈوں کے دھوکے میں نہیں آنا چاہیے۔ انہوں نے کہا صیہونی حکومت، الاقصی طوفان آپریشن کے بعد جنون کا شکار ہو گئي اور یہ جنگی جرائم وہ دنیا کے بہت سے ملکوں کی جانب سے گرین سگنل ملنے کے بعد انجام دے رہی ہے یہاں تک کہ عالمی عدالتیں بھی صیہونی حکومت کا ساتھ دے رہی ہيں۔ ناصر ابو شریف نے کہا کہ امریکہ کی قیادت میں مغرب ہیروشیما اور برلن کی طرح غزہ کو بھی تباہ کر دینا چاہتا ہے لیکن غزہ کے بہادر عوام نے اسرائيل و امریکہ کے وحشیانہ حملوں کے سامنے گھٹنے نہيں ٹیکے۔ اسلامی جمہوریہ ایران میں جہاد اسلامی فلسطین کے نمائندے نے عام لوگوں پر وحشیانہ حملوں کے باوجود صیہونی حکومت کی شرمناک شکست کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آج پوری دنیا اسرائيل کو ایک دہشت گرد اور بچوں کی قاتل حکومت سمجھتی ہے۔ حالانکہ مغربی میڈیا اس سلسلے میں رپورٹنگ میں دوہرا رویہ اپنا رہا ہے جو مغربی میڈیا میں انسانی اقدار کے زوال کا ثبوت ہے۔

ٹیگس