صیہونی حکومت کے چار فوجی اڈوں پر حزب اللہ لبنان کے حملے
حزب اللہ لبنان نے شمالی فلسطین میں صیہونی حکومت کے چار فوجی اڈوں پر حملے کئے ہیں-
سحرنیوز/ عالم اسلام: لبنان کی اسلامی استقامت نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس کے مجاہدین نے الماکیہ فوجی اڈے کو برکان میزائل سے نشانہ بنایا ہے اور یہ حملہ پوری طرح کامیاب رہا ہے ۔ حزب اللہ لبنان نے اپنے ایک دیگربیان میں کہا ہے کہ ہمارے مجاہدین نے راس الناقورہ میں بھی دشمن کے بحری اڈے کو ہدف بنایا ہے جو پوری طرح نشانہ پرلگا ۔ اسلامی استقامت نے اپنے تیسرے بیان میں کہا ہے کہ ہمارے مجاہدوں نے صیہونی حکومت کے رامیا فوجی اڈے پرگائڈڈ میزائل سے حملہ کیا ہے ۔
حزب اللہ کے چوتھے بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلامی استقامت کے مجاہدین نے ملت فلسطین کی دلیرانہ اور شریفانہ حمایت میں صیہونی حکومت کی شومیرا فوجی چھاؤنی پر بھی حملے کئے ہيں ۔حزب اللہ لبنان ، طوفان الاقصی آپریشن کے بعد سے ہی صیہونی حکومت کو شمالی محاذ پر الجھائے رکھنے اور غزہ میں اسلامی استقامت سے دباؤ کم کرنے کے لئے صیہونی حکومت کے فوجی اڈوں کے خلاف روزانہ بھاری فوجی کارروائیاں کررہی ہے ۔
رپورٹوں کے مطابق حزب اللہ لبنان ایسی جدید ترین ٹیکٹک اختیارکئے ہوئے ہے جس کا دشمن مقابلہ نہيں کرپا رہا ہے۔ صیہونی میڈیا کا کہنا ہے کہ شمالی مقبوضہ فلسطین میں حزب اللہ کو برتری حاصل ہے اور اسرائیلی فوج اس علاقے میں پھنس گئی ہے۔