امیر کویت انتقال کر گئے، ملک میں غم کی لہر
امیر کویت نواف احمد جابر الصباح انتقال کر گئے، ان کی عمر 86 سال تھی۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق کویت کے امیر نواف احمد جابر الصباح کا انتقال ہوگیا ہے۔ انتقال کے فوراً بعد کویت کے تمام ٹی وی چینلوں نے سارے پروگرام بند کرکے قرآن مجید کی تلاوت نشر کرنی شروع کر دی۔
امیر کویت نواف احمد جابر الصباح 25 جون 1937 کو پیدا ہوئے تھے اور انہیں 29 ستمبر 2020 کو صباح الاحمد الجابر الصباح کے انتقال کے بعد امیر کویت قرار دیا گیا تھا۔
اطلاعات کے مطابق ان کی موت کی وجہ بیماری تھی۔ امیر کویت کو ایک میڈیکل ایمرجنسی کی وجہ سے نومبر میں ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ اس موقع پر کویتی عدالت نے ان کی عمومی حالت کو مستحکم قرار دیتے ہوئے ملک کے عوام سے ان کے لیے دعا کرنے کی درخواست کی تھی۔
نواف احمد جابر الصباح امیر کویت بننے سے پہلے ملک کے وزیر داخلہ اور وزیر دفاع کے عہدے پر بھی رہے تھے۔