المغازی کیمپ پرحملہ القسام بریگیڈ کی جدید ترین فوجی طاقت و توانائی کا آئینہ دار
الجزیرہ ٹی وی کے عسکری امور کے ماہر کا کہنا ہے کہ المغازی کیمپ پرحملہ القسام بریگیڈ کی جدید ترین فوجی توانائی کو ظاہر کرتا ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: فلسطین کی تحریک حماس کے فوجی بازو عزالدین القسام بریگیڈ نے اعلان کیا ہے کہ المغازی کیمپ میں صیہونی فوجیوں کی دو عمارتوں کو تباہ کر دیا گیا جس میں دسیوں صیہونی فوجی ہلاک و زخمی ہو گئے جبکہ صیہونی حکومت نے اپنے اکیس فوجیوں کی ہلاکت کا اعتراف کرلیا ہے۔ البتہ صیہونی ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ پچاس سے زائد فوجی ہلاک ہوئے ہیں جس کی بنا پر غاصب صیہونی حکومت نے کل کے دن کو غزہ میں جنگ کے آغاز کے بعد اپنی فوج کے لئے سخت ترین دن قرار دیا ہے۔
قطر کے الجزیرہ ٹی وی کے عسکری امور کے ماہر فایز الدویری نے اپنے تجزیئے میں کہا ہے کہ ممکنہ طور پر صیہونی فوج کا جانی نقصان سو سے زائد ہوا ہے اور تحریک استقامت کا یہ حملہ القسام بریگیڈ کی جدید ترین فوجی توانائی کو ظاہر کرتا ہے۔
اخبار یروشلم پوسٹ نے بھی اعتراف کیا ہے کہ کل صیہونی فوجیوں کی ہلاکت جنگ غزہ میں تحریک استقامت کی بڑھتی توانائی پر صیہونی حکومت کی گہری تشویش کا باعث بنی ۔ صیہونی ٹی وی چینل بارہ نے بھی پچاس اسرائيلی فوجیوں کی ہلاکت کا اعتراف کیا ہے۔
فلسطین کی اسلامی جہاد تنظیم نے زور دیا ہے کہ جنوبی غزہ پٹی کے المغازی کیمپ میں اسلامی مزاحمت کے آپریشن اور اس میں درجنوں صیہونی فوجیوں کی ہلاکت سے یہ ثابت ہو گيا کہ صیہونی حکومت کو غزہ جنگ میں بری طرح سے ناکامی ہوئی ہے۔
اسلامی جہاد تنظیم کے سیاسی دفتر کے رکن احسان عطایا نے فلسطین الیوم سے گفتگو میں کہا کہ غاصب صیہونی حکومت، فلسطینی مجاہدوں سے حالیہ جنگ میں اپنے فوجیوں کی ہلاکت سے صدمے میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ پٹی پر صیہونی حکومت کے حملے کے پہلے دن سے ہی فلسطینی مزاحمت کی تمام تنظیموں کے درمیان پوری ہم آہنگی تھی کیونکہ ہمیں معلوم ہے کہ صیہونیوں کے سامنے جیت کے لئے اتحاد بنیادی عنصر ہے۔
اسی طرح اسلامی جہاد تنظیم کے ترجمان مصعب البریم نے بھی المیادین ٹی وی چینل سے ایک گفتگو میں کہا کہ المغازی کیمپ میں ہلاک ہونے والے صیہونی فوجیوں کی جو تعداد صیہونی حکومت نے بتائی ہے، حقیقت میں ہلاک ہونے والے فوجیوں کی تعداد اس سے دوگنا ہے۔
الجزیرہ ٹیلی ویژن چینل نے ایک دفاعی مبصر کے حوالے سے خبر دی ہے کہ پیر کو صیہونی فوج کے اڈے پر ہونے والے حملے میں ہلاک ہونے والے صیہونی فوجیوں کی تعداد ایک سو تک ہوسکتی ہے۔