غزہ کی جنگ میں اب تک ستائیس ہزار پانچ سو سے زیادہ فلسطین شہید ہوئے: اشرف القدرۃ
غزہ کی وزارت صحت کے ترجمان اشرف القدرہ نے اعلان کیا ہے کہ ایک سو چوبیس روز کی جنگ میں ستائیس ہزار پانچ سو سے زیادہ بے گناہ فلسطینی شہید ہوچکے ہيں
سحرنیوز/ عالم اسلام : فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اشرف القدرہ نے کہا کہ اب تک غزہ جنگ میں چھیاسٹھ ہزار نو سو افراد زخمی ہوئے ہيں جبکہ سات ہزار سے زیادہ لوگ ملبے کے نیچے دبے ہوئے ہيں اور لاپتہ ہیں اشرف القدرہ نے کہا کہ غاصب صیہونی حکومت ، گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران نہتھے فلسطینی شہریوں کے خلاف تیرہ نئے جارحانہ حملے کر چکی ہے جس کے نتیجے میں ایک سو تیرہ افراد شہید اور دو سو پانچ افراد زخمی ہوئے ہيں-
اس سلسلے میں یونیسف نے ایک بار پھر غزہ میں بچوں کی ابتر صورت حال کے بارے میں خبردار کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ تقریبا تیرہ لاکھ لوگ جس میں چھے لاکھ دس ہزار بچے ہيں ، جنوبی شہر رفح کی سڑکوں اور گلی کوچوں میں پڑے ہوئے ہیں ۔ بچوں سے متعلق اقوام متحدہ کی ایجنسی یونیسف نے انتباہ دیا ہے کہ غزہ کے انسانی بحران کے باعث ہزاروں افراد کو بیماریوں کا خطرہ ہے-
اقوام متحدہ نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیلی حملے کی وجہ سے غزہ کی پچاسی فیصد آبادی کو کھانے پینے اور دواؤں کی شدید قلت کا سامنا ہے جبکہ غزہ کے ساٹھ فیصد بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا ہے یا وہ پوری طرح تباہ ہوگئے ہيں