امریکی، برطانوی اور صیہونی ٹھکانوں پر یمنی فوج کے حملے
یمنی فوج نے یکے بعد دیگرے امریکی، برطانوی اور صیہونی بحری جہازوں اور ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: یمن کی فوج نے اعلان کیا ہے کہ امریکہ کے ایک بحری جنگی جہاز، برطانیہ کے ایک بحری جہاز اور متعدد صیہونی فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گيا ہے۔ المسیرہ کی رپورٹ کے مطابق، یمن کی مسلح افواج کے ترجمان نے اعلان کیا ہے کہ پہلی کارروائی ڈرون طیاروں اور میزائل کے ذریعے انجام پائی جس میں مقبوضہ سرزمینوں کے جنوب میں واقع ام الرشراش صیہونی بندرگاہ کو نشانہ بنایا گیا۔ یمنی فوج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ دوسرا حملہ خلیج عدن میں کیا گیا جس میں ایک برطانوی جہاز کو کئی بحری میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا۔ اس حملے میں برطانوی بحری جہاز میں آگ لگ گئی۔
تیسرا حملہ بحیرہ احمر میں موجود ایک امریکی بحری جنگی جہاز پر ہوا۔ اس حملے میں متعدد ڈرون طیارے استعمال کئے گئے۔ برطانیہ اور صیہونی حکومت نے اپنے بحری جہاز اور فوجی ٹھکانوں پر یمنی فوج کے حملوں کی تصدیق کی ہے۔
یاد رہے کہ یمن کی فوج نے اعلان کیا ہے کہ جب تک غزہ پر صیہونیوں کی جارحیت جاری رہتی ہے تب تک خلیج عدن اور بحیرہ احمر میں مقبوضہ سرزمینوں کی جانب جانے والے جہازوں کے علاوہ، تل ابیب کے حامی امریکہ اور برطانیہ سے تعلق رکھنے والے ایک بھی جہاز کو اس علاقے سے گزرنے نہیں دیا جائے گا۔