اسرائیل کی دیدہ دلیری، غذائی اشیاء کے حامل 14 ٹرکوں کو ضبط کرلیا
صیہونی حکومت نے شمالی غزہ کے عوام کے لئے غذائی اشیاء کے حامل چودہ ٹرکوں کو ضبط کرلیا ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: عالمی ادارہ خوراک نے اعلان کیا ہے کہ صیہونی فوجیوں نے شمالی غزہ کے فلسطینیوں کے لئے اقوام متحدہ سے وابستہ عالمی ادارہ خوراک کے ارسال کردہ چودہ ٹرکوں کو روک لیا جن پر غذائی اشیاء لدی ہوئی تھیں۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق عالمی ادارہ خوراک کے نائب سربراہ کارل اسکاؤ نے اس خبر کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ قحط و بھوک مری کو روکنے کا آخری راستہ آسمان سے امداد تقسیم کرنا ہے۔
انھوں نے کہا کہ پندرہ لاکھ فلسطینیوں تک کھانا پانی پہنچانے کے لئے کہ جن کی انہیں سخت ضرورت ہے ، شمالی غزہ کے انٹری راستے کھلنا نہایت ضروری ہے۔
یہ ایسی حالت میں ہے کہ عالمی ادارہ خوراک نے پیر کو خبردار کیا تھا کہ غزہ کے بچوں کے لئے غذائی اشیاء کی کمی کی وجہ سے انہیں موت کا سامنا ہے ۔