Mar ۰۹, ۲۰۲۴ ۱۴:۵۱ Asia/Tehran
  • اسرائیل نے طوفان الاقصی آپریشن میں ناکامی کی تلافی کے لیے فلسطینیوں کے قتل عام میں مصروف

غاصب صیہونی حکومت طوفان الاقصی آپریشن میں ناکامی کی تلافی کے لیے مغرب کی حمایت سے غزہ میں بڑے پیمانے پر قتل عام کر رہا ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: صیہونی فوجیوں نے آج ہفتے کے روز بھی غزہ میں واقع الکویت اسکوائر پر امداد کے منتظر فلسطینیوں کی صفوں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں دو فلسطینی شہید اور متعدد دیگر زخمی ہوگئے۔اس سے پہلے بھی صیہونی حکومت غزہ میں متعدد بار، امداد کے انتظار میں کھڑے فلسطینیوں کی صفوں پر فائرنگ کرچکی ہے۔

غزہ کے مظلوم باشندوں کے خلاف صیہونی فوجیوں کے یہ وحشیانہ حملے، اقوام عالم کی خاموشی کے سامنے معمول بن چکے ہیں۔ چند روز قبل بھی صیہونی فوجیوں نے انسان دوستانہ امداد کے حامل ٹرکوں کی طرف جانے والے فلسطینیوں پر فائرنگ کردی تھی۔

دوسری جانب صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے آج صبح جنوبی غزہ کے اسپتال کے اطراف کے علاقوں کو نشانہ بنایا ہے ۔

صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے غزہ کے مرکز میں واقع دیرالبلح میں دو رہائشی گھروں کو تباہ کردیا۔

 صحافیوں کے مطابق غزہ کے مرکز میں واقع دیرالبلح میں رہائشی گھروں پر بمباری کے دوران متعدد فلسطینی بچے زخمی ہوئے ہیں۔

غزہ کی وزارت صحت نے بھی ایک رپورٹ میں اعلان کیا ہے کہ پانی اور کھانے کی کمی کی بنا پر مزید تین بچوں کی شہادت کے ساتھ ہی الشفا میڈیکل کمپلیکس میں مرنے والے بچوں کی تعداد تیئیس ہوگئی ہے۔

صیہونی حکومت کے فوجیوں نے شمالی غرب اردن میں واقع شہر طولکرم پر دھاوا بول دیا اور طولکرم اور نورشمس کیمپوں میں خطرے کے سائرن بجنے لگے۔اس رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج کے بلڈوزروں نے نورشمس کیمپ کی مرکزی شاہراہ کو تباہ کر دیا ہے۔

صیہونی فوجیوں نے نابلس شہر کے شمال مشرق میں واقع جدید عسکر نامی کیمپ پر بھی حملہ کر کے متعدد فلسطینی نوجوانوں کو گرفتار کر لیا۔

فلسطینی ہلال احمر نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ مقبوضہ بیت المقدس کے شمال میں قلندیا چیک پوسٹ پر صہیونی فوجیوں نے ایک فلسطینی نوجوان کو گولی مار کر زخمی کردیا۔

صیہونی فوجیوں نے طولکرم میں واقع شہید سیف ابولبدہ اسکوائر کے قریب امدادی گاڑیوں کو براہ راست نشانہ بنایا۔غاصب صیہونی حکومت نے الاقصی طوفان آپریشن میں ناکامی کی تلافی کے لیے مغرب کی حمایت سے غزہ میں بڑے پیمانے پر قتل عام شروع کیا ہے اور یہ جارح حکومت غزہ کی تمام گزرگاہیں بند کرکے اس علاقے پر بمباری کر رہی ہے۔

ٹیگس