Mar ۱۲, ۲۰۲۴ ۱۳:۰۴ Asia/Tehran
  • فلسطینی مجاہدین اورغاصب اسرائیلی فوجیوں میں گھمسان کی جنگ

استقامتی محاذ نے غرب اردن کے مختلف علاقوں میں صیہونی حکومت کے فوجیوں کے خلاف کارروائیاں کی ہیں۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: غرب اردن کے مختلف علاقوں میں غاصب صیہونی فوجیوں اور فلسطینی مجاہدین کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئی ہیں۔ مقبوضہ بیت المقدس کے شعفاط کیمپ کی چیک پوسٹ پر فلسطینیوں اور غاصب صیہونی فوجیوں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں جن ميں صیہونی فوجیوں نے زہریلی گيس کے گولے فائر کئے۔

جہاد اسلامی فلسطین کے فوجی بازو سرایاالقدس نے اعلان کیا ہے کہ ہمارے طولکرم بریگيڈ کے مجاہدین نے المسشیہ علاقے میں ایک بم دھماکا کر کے صیہونیوں کی فوجی گاڑی کو نشانہ بنایا اور متعدد صیہونی فوجیوں کو زخمی کردیا۔

شہر نابلس میں تحریک فتح کے فوجی بازو شہدائے الاقصی بریگیڈ نے اعلان کیا ہے کہ اس کے مجاہدین نے شمال مغرب میں واقع شافی شمرون چیک پوسٹ پر فائرنگ کی۔

شہررام اللہ میں بھی شہدائے الاقصی بریگيڈ کے مجاہدین نے بسغوت کالونی کو کئی بموں سے حملے کا نشانہ بنایا۔

درایں اثنا محمد جعفر جبر نامی ایک فوجی فلسطینی جوان شہر طولکرم میں صیہونی فوجیوں کے ساتھ جھڑپ میں ان کی فائرنگ میں شہید ہوگیا، شہر بیت لحم میں واقع الخضر علاقے میں بھی فلسطینی مجاہدین اور غاصب صیہونی فوجیوں کے درمیان شدید لڑائی ہوئی ہے ۔

دوسری جانب غزہ کے مختلف علاقوں پر غاصب صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملوں کا سلسلہ آج منگل کو بھی جاری رہا۔

صیہونی حکومت نے غزہ میں الکویت اسکوائر پر امداد کے انتظار میں کھڑے عام شہریوں پر حملہ کرکے نو فلسطینیوں کو شہید اور اڑتیس دیگر کو زخمی کردیا، جنہیں الشفا اسپتال منتقل کردیا گيا۔

خبری ذرائع نے اسی طرح مرکزی غزہ پر اسرائیل کے جنگي طیاروں کی بمباری کی خبر دی ہے جبکہ جنوبی غزہ کے شہر خان یونس پر اسرائیلی فوج نے توپ خانے سے حملے کئے ہیں- اسی طرح مرکزی غزہ میں شہر دیرالبلح کے دو گھروں پر بمباری میں شہید ہونے والے گيارہ فلسطینیوں کی لاشیں شہدائے الاقصی اسپتال منتقل کردی گئی ہیں-

صیہونی فوجیوں نے اسی طرح شہر دیرالبلح کےعلاقے الجعفراوی میں بھی ایک گھر پر اور جبالیا کیمپ کے علاقے تل الزعتر پر بھی بمباری کی ہے-

فلسطین کی وزارت صحت نے گذشتہ روز تازہ ترین اعداد و شمار کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ جنگ کے آغاز سے اب تک شہدائے غزہ کی تعداد اکتیس ہزار ایک سو بارہ ہوگئی ہے- اس وزارت کے مطابق اس مدت میں بہتر ہزار سات سو ساٹھ فلسطینی اسرائیل کے وحشیانہ حملوں میں زخمی بھی ہوئے ہيں۔

ٹیگس