فلسطینیوں کے جوابی حملے، صیہونیوں کا مرکاوا ٹینک تباہ
فلسطین کی تحریک مزاحمت کے مختلف گروہوں نے غاصب صیہونی حکومت کے جارح فوجیوں پر حملہ کر کے صیہونی فوجیوں اور ان کے جنگی سازوسامان کو بھاری نقصان پہنچایا۔
سحرنیوز/عالم اسلام: اس بارے میں القسام بریگیڈ نے اعلان کیا ہے کہ صیہونی فوج کے خلاف ایک کاروائي میں غزہ کے جنوب میں واقع شہر خان یونس کے علاقے حمد میں صیہونی حکومت کے ایک مرکاوہ ٹینک اور اس کی بکتر بند گاڑی کو تباہ کر دیا گيا۔ الاقصی بریگیڈ نے بھی اعلان کیا ہے کہ غزہ کے شمال مغرب میں واقع الزہرا علاقے میں صیہونی حکومت کی دو بکتر بند گاڑیوں کو آر پی جی سے تباہ کر دیا گیا۔
القدس بٹالین نے بھی صیہونی حکومت کی متعدد بکتر بند گاڑیوں کو تباہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ فلسطینی گروہوں نے اعلان کیا ہے کہ غزہ کے مختلف علاقوں میں صیہونی فوجیوں اور ان کی بکتر بند گاڑیوں کو تباہ کر دیا گیا جبکہ کئي علاقوں میں فلسطینی مجاہدین اور صیہونی فوجیوں کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔
اسی طرح جمعے کی رات شمالی مقبوضہ فلسطین کے مختلف علاقوں میں خطرے کا سائرن بجنے کی خبر دی گئی۔
دوسری جانب رپورٹ ملی ہے کہ غزہ کے مختلف علاقوں میں راکٹوں کے دھماکوں کی آوازیں سنی گئيں۔