Mar ۲۱, ۲۰۲۴ ۱۵:۳۶ Asia/Tehran
  • فلسطینی مجاہدین اور اسرائیلی فوجیوں کے درمیان گھمسان کی جنگ

غرب اردن میں گذشتہ چند گھنٹوں کے دوران صیہونی فوجیوں کے ہاتھوں متعدد فلسطینی شہید ہوگئے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام:غرب اردن میں المیادین چینل کے نامہ نگار نے ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ فلسطینی مجاہدین اور صیہونی فوجیوں کے درمیان طولکرم میں شدید لڑائی ہوئی ہے- الاقصی بریگيڈ نے بھی طولکرم میں ایک بیان میں کہا ہے کہ ہمارے مجاہدین اور ان قابض فوجیوں کے درمیان گھمسان کی لڑائی ہو رہی ہے جنہوں نے نورشمس کیمپ پر مختلف محوروں سے حملہ کیا ہے- یہ ایسی حالت میں ہے کہ صیہونی حکومت نے نورشمس کیمپ میں اپنے فوجیوں کو مزید مضبوط کر دیا ہے۔

فلسطینی ہلال احمر نے بھی کہا ہے کہ حالیہ چند گھنٹوں میں نور شمس کیمپ پر صہیونی فوجیوں کے حملے میں، شہدا کی تعداد تین ہوگئی ہے، فلسطینی اسپتال کے ذرائع نے بھی جنین، طولکرم اور الخلیل میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران آٹھ فلسطینیوں کی شہادت کی خبر دی ہے۔

فلسطینی ذرائع نے شمالی الخلیل میں صیہونی فوجیوں کے ہاتھوں ایک فلسطینی جوان کی شہادت کی خبر دی ہے - اس رپورٹ کے مطابق ایک فلسطینی جوان غرب اردن کے علاقے الخلیل کے شمال میں صیہونی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہوگیا-

صیہونی میڈیا نے بھی صیہونی فوجیوں کے ہاتھوں اس جوان کی شہادت کی خبر دیتے ہوئے دعوی کیا ہے وہ صیہونیت مخالفت کارروائی انجام دینا چاہتا تھا-

دوسری جانب غزہ کے مختلف علاقوں پر صیہونی حکومت کے جارحانہ حملے آج جمعرات کو بھی جاری ہیں ۔ صہیونی حکومت کے جنگی طیاروں نے غزہ کے مرکز میں النصیرات کیمپ پر متعدد بار بمباری کی ہے- 

فلسطینی ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ مرکزي غزہ کے النصیرات کیمپ کے مغربی حصے میں واقع الجدید کیمپ میں ایک رہائشی گھر پر بمباری کے نتیجے میں نو افراد شہید ہوگئے- ذرائع کے مطابق بہت سے افراد ابھی بھی ملبے تلے دبے ہوئےہيں- اسی طرح مغربی غزہ میں بھی ایک گھر پر اسرائیلی فوج کے جنگی طیاروں نے بمباری کی ہے-

خبری ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ مرکزی غزہ کے النصیرات کیمپ کے شمال مغرب میں واقع ٹاوروں کے اطراف کے علاقوں کو بھی صیہونی لڑاکا طیاروں نے  نشانہ بنایا ہے، اسی کے ساتھ ہی صیہونی حکومت کے توپخانے نے بھی ، غزہ کی الرشید شاہراہ اور دیگر علاقوں پر گولے برسائے ہيں۔

ٹیگس