غرب اردن میں فلسطینیوں اور صیہونی فوجیوں کے درمیان شدید لڑائی
غرب اردن کے علاقے جنین میں غاصب اسرائیلی فوج کے ساتھ فلسطینی جوانوں کی مسلح جھڑپ میں ایک فلسطینی نوجوان شہید اور دو زخمی ہوگئے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: جنین صوبے میں واقع قباطیہ علاقے میں آج صبح صیہونی فوج نے یلغار کردی جس کےبعد اس علاقے کے نوجوانوں کے ساتھ مسلح جھڑپ شروع ہوگئی - بتایا جاتا ہے کہ اسرائیلی فوج نے اس علاقے کے کچھ جوانوں کو گرفتار کرنے کے مقصد سے گھسنے کی کوشش کی تاہم غاصب صیہونی فوجیوں کو فلسطینی مجاہدین کی مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا اور اس جھڑپ میں معتصم نبیل ابوعابد نامی ایک جوان شہید اور دو دیگر زخمی ہوگئے۔
شہاب نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق غاصب اسرائیلی فوج نے ایک ایمبولنس کو بھی قبضے میں لے لیا اور امدادی کارروائیوں کو روک دیا۔ اس علاقے کے ایک مزاحمتی ذریعے نے شہاب ویب سائٹ کو بتایا کہ ہم دشمن کی متعدد فوجی گاڑیوں اور دھماکہ خیز مواد کو گھات لگا کر تباہ کرنے میں کامیاب ہو گئے اور ہم بدستور ان کے خلاف کھڑے ہیں اور مزاحمت کر رہے ہیں۔