صیہونی وزیر اعظم اور وزیر جنگ ہمیں جنگ کی طرف لے جارہے ہيں:اسرائیلی جنرل
صیہونی حکومت کی ریزرو فوج کے ایک جنرل نے صیہونی وزيراعظم ، وزیرجنگ اور چیف آف اسٹاف کو سخت ہدف تنقید بنایا ہے۔
سحر نیوز/ دنیا : صیہونی حکومت کی فوج کی ریزرو فورس کے جنرل اسحاق بریک نے صیہونی وزیر اعظم نیتن یاہو، وزیر جنگ یواؤ گالانت ، چیف آف آرمی اسٹاف ہرتزوی ہالیوی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا ہے کہ یہ لوگ ہمیں جنگ کی طرف لے جا رہے ہيں ۔
اسحاق بریک نے کہا کہ جب تک احساسات ، جذبات ، سیاسی مفادات ، تکبر اور منھ زوری کا دور دورہ رہے گا اس وقت تک حقیقت کے لئے کوئی جگہ نہيں ہو گی اور تاریک فوجی و سیاسی راستے سے جس میں ہم داخل ہوچکے ہیں، نکلنا ممکن نہيں ہوگا ۔
انھوں نے کہا کہ نیتن یاہو، گالانت اور ہالیوی کوئی اسٹریٹیجی نہ ہونے اور حقائق سے فرار کرنے کے باعث اس طرح کا رویہ اختیار کئے ہوئے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ نیتن یاہو بھی وہم و گمان اور اپنی سیاسی بقا کے لئے کچھ بھی کرسکتے ہيں ۔ اس صیہونی جنرل نے مزید کہا کہ حماس کی مکمل تباہی صرف ایک وہم ہے حتی ہمارے رفح میں داخل ہونے سے بھی کوئی نتیجہ نہيں نکلے گا۔ انھوں نے کہا کہ اس صورت حال نے اسرائیل کو جنوبی افریقہ جیسی صورت حال سے دوچار کردیا ہے ۔ عالمی پابندیوں میں اضافہ ہوا ہے ۔