القسام بریگيڈ کا صیہونی فوجیوں کو انتباہ (ویڈیو)
القسام بریگيڈ نے غزہ پٹی سے صیہونی فوجیوں کی پسپائی کے ساتھ ہی اپنے ایک پیغام میں صیہونی حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آگ میں جلو گے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: تحریک حماس کے فوجی بازو القسام بریگيڈ نے جنوبی غزہ کے خان یونس علاقے سے صیہونی فوجیوں کی پسپائی کے ساتھ ہی ایک ویڈیو پیغام جاری کیا ہے۔ القسام بریگيڈ نے اپنے اس ویڈیو پیغام میں غاصب اسرائیلیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے؛ ستحترقون یعنی آگ میں جلو گے۔
القسام بریگيڈ نے صیہونی حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ شاید تم غزہ کی سڑکوں پر آجاؤ لیکن سب کے سب آگ میں جلو گے۔
القسام بریگيڈ نے اعلان کیا ہے کہ قابض فوجی غزہ کے زیادہ ترعلاقوں میں داخل ہوگئے ہيں اوران علاقوں کو پوری طرح تباہ کردیا ہے اور دعوی کررہے ہيں کہ وہ حماس کی فوجی بٹالین کو تباہ کرنے میں کامیاب رہے ہيں۔
القسام نے مزید کہا کہ غاصب فوجی جس علاقے کے بارے میں سمجھتے ہيں کہ وہاں انھیں استقامت کا سامنا نہيں کرنا پڑے گا ، ان میں داخل ہوتے ہيں لیکن انھیں سخت مزاحمت کا سامناکرنا پڑتا ہے۔
حماس کے فوجی بازو نے کہا کہ غاصبوں کو اپنے اہداف مکمل ہونے سے پہلے اپنی کارروائیاں روکنے پر مجبور ہونا پڑے گا جس کی مثال شفاء اسپتال اور خان یونس تھا۔