غزہ پر غاصب صیہونی حکومت کے حملے، متعدد فلسطینی شہید اور زخمی
غزہ پر غاصب صیہونی حکومت کے حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: فلسطینی ذرائع کے حوالے سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق شمالی اور مرکزی غزہ کے مختلف علاقوں پر غاصب صیہونی حکومت کی تازہ بمباری میں کم سے کم انیس فلسطینی شہید ہوگئے۔ ایک اور رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ النصیرات کیمپ میں ایک رہائشی مکان پر صیہونی جنگی طیاروں کی بمباری میں چودہ افراد شہید ہوئے جن میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق جبالیا کیمپ پر صیہونی فوج کی بمباری میں ایک ہی گھر کے پانچ افراد شہید ہوگئے۔ اس سے قبل منگل کی شام غزہ میں فلسطین کے محکمہ صحت نے اعلان کیا تھا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں غزہ پر صیہونی حکومت کے حملوں میں ایک سو ترپن فلسطینی شہید اور ساٹھ زخمی ہوئے۔
فلسطینی وزارت صحت نے اسی کے ساتھ اعلان کیا تھا کہ غزہ پر غاصب صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملوں میں شہید ہونے والوں کی تعداد تینتس ہزار تین سو ساٹھ اور زخمیوں کی تعداد پچھتر ہزار نو سو ترانوے ہوگئی ہے۔