عراق میں دوسرے ممالک کی فوجی مداخلت کو نظر انداز کرتا ہے میڈیا
عراق کے صدر کا کہنا ہے کہ عراق میں ایران کی کوئی فوجی مداخلت نہیں ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: عراقی صدر عبداللطیف رشید نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ بغداد اور تہران کے درمیان تعلقات، تاریخی اور مضبوط ہیں اور عراق میں ایران کی کوئی فوجی مداخلت نہیں ہے۔
فارس نیوز کے مطابق عراق کے صدر نے ایک پریس انٹرویو میں تاکید کی کہ ایران کے ساتھ تعلقات تاریخی اور مضبوط ہیں اور ایران کے خلاف الزامات درست نہیں ہیں۔ عراق کے اندرونی معاملات میں ایران کا کوئی فوجی دخل نہیں ہے۔ عراق میں مسلح گروہ عراقی ہیں ایرانی نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عراق اور ایران کے درمیان سرحدی تنازعات کو بات چیت کے ذریعے حل کیا گیا ہے۔ عراق کی سرحدوں اور سلامتی کی خلاف ورزی کرنے والے دوسرے ممالک بھی ہیں لیکن میڈیا ان پر بات نہیں کرتا۔
عراقی صدر نے وضاحت کی کہ عراق کے امور میں ترکیے کی مداخلت جاری ہے اور ہم ترکیے کے ساتھ مسائل کے حل کی تلاش میں ہیں۔
صدر عراق عبد اللطیف رشید نے مزید کہا کہ حالیہ مرحلے میں عرب ممالک کے ساتھ عراق کے تعلقات میں بہت بہتری آئی ہے اور مسئلہ فلسطین کو چھوڑ کر عرب مسائل پیچیدہ نہیں ہیں۔