May ۱۸, ۲۰۲۴ ۱۵:۳۸ Asia/Tehran
  • عالمی برادری فوری طور پر انسانی امداد کی ترسیل کے لئے گذرگاہیں کھول دے: سلامہ معروف

غزہ کے سرکاری انفارمیشن دفتر کے سربراہ نے اس علاقے کے لوگوں کی صورتحال اور شدید غذائی اشیاء کے بحران اور قحط و بھوک مری کے بارے میں خبردار کرتے ہوئے عالمی برادری سے فوری طور پر انسانی امداد کی ترسیل کے لئے گذرگاہیں کھولنے کا مطالبہ کیا ہے-

سحرنیوز/ عالم اسلام: غزہ کی پٹی میں سرکاری انفارمیشن آفس کے سربراہ سلامہ معروف نے کہا ہے کہ رفح گذرگاہ کے مسلسل بند رہنے اور ابوسالم گذرگاہ سے امدادی ٹرکوں اور امدادی سامان کو غزہ میں داخل ہونے سے روکنے کی وجہ سے غزہ کے اندر انسانی بحران مزید پیچیدہ ہوتا جا رہا ہے- انہوں نے مزید کہا کہ قحط کے خوف سے غزہ شہر اور غزہ کی پٹی کے شمال کو ایک بار پھر خطرہ لاحق ہے اور اس کے وسطی اور جنوبی صوبوں میں غذائی تحفظ کا بحران شدت اختیار کر رہا ہے، خاص طور پر جب سے قابض فوج کی کارروائیوں کی وجہ سے دسیوں ہزار لوگ رفح سے بے گھر ہو چکے ہیں۔

سلامہ معروف نے کہا کہ ہماری قوم کو امداد فراہم کرنے کی کوششیں بہت سست اور انسانی تباہی کی شدت کے مقابلے میں انتہائی کم ہیں۔ گزشتہ ہفتے کے دوران غزہ کی پٹی کے مرکز اور جنوب میں داخل ہونے والے ٹرکوں کی تعداد سو سے زیادہ نہیں تھی۔ جبکہ غزہ شہر اور اس کے شمال میں داخل ہونے والے ٹرکوں کی تعد دو سو تیس ہے جو کہ عالمی ادارہ خوراک کے تعاون سے بھیجے گئے تھے اور آٹے کے ایک سو چوراسی ٹرک داخل ہوئے جبکہ صرف دو ٹرک دواؤں اور دیگر خوراک کے پیکج کے ساتھ داخل ہوئے ہيں-

انہوں نے مزید کہا کہ ایسے میں جبکہ انسانی المیہ شدت اختیار کر رہا ہے، ہم رفح کراسنگ سے حملہ آوروں کے انخلاء کا مطالبہ کرتے ہیں۔ اس فلسطینی عہدیدار نے مزید کہا کہ ہر کسی کو قابضین پر دباؤ ڈالنا چاہیے کہ امدادی قافلے کو رفح اور کرم ابو سالم جیسی مشہور گزرگاہوں سے داخل ہونے کی اجازت دیں، نیز المنطار، الشجاعیہ اور بیت حانون کراسنگ کو فعال کریں۔ انہوں نے تاکید کی کہ عالمی برادری کو بھوک سے مرنے والوں کو بچانے کے لیے فوری اقدام کرنا چاہیے اور بہترین راستہ زمینی گزرگاہیں ہیں کہ جن کے ذریعے سے غزہ کی پٹی میں امدادی ٹرکوں کے لئے باقاعدہ داخلہ ممکن ہے۔

سلامہ نے کہا کہ قابض عناصر ان ٹرکوں کو جو مصر اور رفح کراسنگ کے اس پار قطار میں کھڑے ہیں، سلامتی کونسل اور دی ہیگ فوجداری عدالت کی قراردادوں کو نظر انداز کرتے ہوئے انہیں داخل ہونے سے روک رہے ہیں اور غزہ کے مکینوں کی دردناک انسانی صورت حال پر ذرا بھی توجہ نہیں دے رہے ہيں -

 

ٹیگس